نئی دہلی: کیرالہ میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے رہنما شری نواسن کے قتل کے معاملے میں مبینہ طور پر ملوث پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے رکن عبد الستار کو سپریم کورٹ نے ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے واضح الفاظ میں کہا کہ محض کسی نظریے کی بنیاد پر کسی شخص کو جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔
یہ تبصرہ جسٹس ابھیہ ایس اوک اور جسٹس اُججول بھوئیاں پر مشتمل بنچ نے کیا، جب نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے عبد الستار کی ضمانت کی مخالفت کی۔ این آئی اے کا مؤقف تھا کہ عبد الستار، جو پی ایف آئی پر حکومت ہند کی جانب سے پابندی لگنے سے قبل اس کا جنرل سیکریٹری تھا، نے تنظیم کے کیڈر کی بھرتی، ہتھیاروں کی تربیت اور احتجاجوں کے انعقاد میں مرکزی کردار ادا کیا۔
جسٹس اوک نے کہا: یہی سوچ کا مسئلہ ہے کہ ہم نظریے کی بنیاد پر کسی شخص کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں۔ جسٹس اُججول بھوئیاں نے تبصرہ کیا: "یہی وہ رویہ ہے جسے کہتے ہیں — کہ ’عمل ہی سزا ہے‘۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کی قتل کے معاملے میں براہ راست کوئی شرکت نہیں ہے اور اس کے خلاف درج 71 مقدمات زیادہ تر احتجاجوں سے متعلق ہیں۔
این آئی اے کے مطابق عبد الستار کے خلاف دفعہ 353 (سرکاری ملازم پر حملہ) کے تحت 7 اور دفعہ 153 (فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے) کے تحت 3 مقدمات درج ہیں۔ این آئی اے نے دعویٰ کیا کہ عبد الستار احتجاج، تنظیم سازی، اورپی ایف آئی کے متنازعہ مقاصد کو فروغ دینے میں سرگرم رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ: ہم اسے جیل میں رکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مزید جرائم نہ کر سکے۔ عدالت نے کہا کہ احتجاج ایک شہری حق ہے، اور نظریاتی وابستگی کی بنیاد پر کسی کو قید نہیں کیا جا سکتا۔ اگر ملزم کا قتل میں کوئی براہ راست رول نہیں ہے، تو محض نظریہ یا احتجاج میں شرکت اسے جیل میں رکھنے کی بنیاد نہیں بن سکتی۔ لہٰذا، عدالت نے عبد الستار کو ضمانت دے دی۔ عبد الستار،پی ایف آئی کا سابق جنرل سیکریٹری ہے۔
پی ایف آئی پر 2022 میں مرکزی حکومت نے دہشت گردی سے تعلقات کے الزام میں پانچ سال کی پابندی عائد کی تھی۔ شری نواسن، جو کیرالہ میں آر ایس ایس کے سینئر رہنما تھے، کا قتل ایک حساس واقعہ تھا جس کے بعد شدید سیاسی اور سماجی ردعمل سامنے آیا۔