نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکز نظام الدین کے سربراہ مولانا محمد سعد کاندھلوی اور دیگر پر دہلی میں کووڈ-19 پھیلانے کا الزام لگنے کے پانچ سال بعد تحقیقات میں بڑا اپ ڈیٹ سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ، دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے موجودہ تفتیشی افسر نے اپنے سینئر افسران کو بتایا ہے کہ سعد کے لیپ ٹاپ سے برآمد تقریروں میں "کچھ بھی قابلِ اعتراض" نہیں پایا گیا۔درحقیقت، 31 مارچ 2020 کو حضرت نظام الدین تھانے میں درج شکایت کی بنیاد پر سعد اور دیگر کے خلاف غیر ارادی قتل سمیت کئی سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ الزام تھا کہ 21 مارچ 2020 کو سعد کا ایک آڈیو میسج وائرل ہوا تھا، جس میں مبینہ طور پر انہوں نے اپنے ماننے والوں کو لاک ڈاؤن اور سوشیل ڈسٹینسنگ کی خلاف ورزی کر کے مرکز کے مذہبی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے کہا تھا۔
ہائی کورٹ نے تبلیغی جماعت پر درج 16 ایف آئی آر منسوخ کیں، کووڈ پھیلانے کا الزام تھا
رپورٹ کے مطابق، موجودہ تفتیشی افسر نے پولیس ہیڈکوارٹر کو بتایا ہے کہ سعد اب تک تحقیقات میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ تاہم ان کے لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز فرانزک سائنس لیبارٹری بھیجی گئی تھیں۔ ان میں سے لیپ ٹاپ سے نکالی گئی تقریروں کی جانچ مکمل ہو چکی ہے اور ان میں کوئی اشتعال انگیز یا قابلِ اعتراض مواد نہیں پایا گیا۔
گزشتہ ماہ دہلی ہائی کورٹ نے بھی تبلیغی جماعت سے جڑے 70 ہندوستانیوں کے خلاف درج 16 ایف آئی آر اور چارج شیٹ منسوخ کر دی تھیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ وبا کے آغاز میں صرف مرکز میں موجود ہونا حکومت کی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں مانا جا سکتا۔
اس معاملے میں 36 ممالک کے کل 952 غیر ملکی شہریوں پر الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان میں سے 44 ملزمان نے ٹرائل کا سامنا کرنے کا انتخاب کیا، جبکہ 908 نے جرم قبول کر کے 4,000 سے 10,000 روپے تک کا جرمانہ بھر دیا۔
سابق پولیس کمشنر ایس۔ این۔ سریواستو نے کہا کہ وہ چار سال پہلے ریٹائر ہو چکے ہیں اور اب اس تحقیقات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہیں، اسپیشل پولیس کمشنر (کرائم برانچ) اور دہلی پولیس کے ترجمان سے اس پر ردِعمل مانگا گیا، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔