دبئی
سعودی عرب میں ایک رہائشی کمپلیکس پر ہونے والے میزائل حملے میں کسی بھی ہندوستانی شہری کی موت نہیں ہوئی ہے۔ ریاض میں موجود ہندوستانی سفارت خانے نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔سفارت خانے کے مطابق اتوار کو اس واقعے میں زخمی ہونے والے ایک ہندوستانی شہری کا سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔
سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا كہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ کل شام الخرج میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں کسی بھی ہندوستانی کی جان نہیں گئی۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سفارت خانہ اس معاملے میں متعلقہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
کونسلر (کمیونٹی ویلفیئر) وائی صابر نے اتوار کی رات الخرج کا دورہ کیا اور اس واقعے میں زخمی ہونے والے ہندوستانی شہری سے ملاقات کی۔سفارت خانے نے بتایا کہ زخمی شخص کا علاج الخرج کے ایک سرکاری اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔اتوار کے روز سعودی حکام نے بتایا تھا کہ الخرج میں دیکھ بھال اور صفائی سے متعلق ایک کمپنی کے رہائشی کمپلیکس پر میزائل گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل بتایا گیا تھا۔
تاہم سعودی حکام نے اس وقت مرنے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔پیر کے روز سعودی سول ڈیفنس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا كہ …تمام حتمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد یہ طے ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد بنگلہ دیشی ہیں، جبکہ 11 زخمی افراد بھی بنگلہ دیشی ہیں اور ایک زخمی شخص ہندوستانی ہے۔
امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری سے ایران کے خلاف مشترکہ حملہ شروع کیا تھا۔ یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر اس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے نئے معاہدے کے لیے دباؤ بڑھانے کے بعد کئی دنوں کی تیاریوں کے بعد کیا گیا۔ ایران کی جوابی کارروائی کے بعد یہ جنگ پورے خلیجی خطے میں پھیل گئی ہے۔