لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت کی ہدایات کے مطابق 1 ستمبر سے خصوصی سڑک تحفظ مہم "ہیلمٹ نہیں، تو پٹرول نہیں" شروع کی جائے گی، جو 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔ لکھنؤ میں بدھ کو جاری سرکاری بیان کے مطابق یہ مہم ضلع مجسٹریٹ کی قیادت میں ضلع سڑک تحفظ کمیٹی کے تعاون سے چلائی جائے گی۔ بیان کے مطابق اس دوران پولیس، ضلع انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ محکمہ کے افسران نفاذ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ حکومت نے عوام سے اس مہم میں مکمل تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔
موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کی دفعہ 129 دو پہیہ گاڑی کے ڈرائیور اور پیچھے بیٹھنے والے کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیتی ہے، جبکہ دفعہ 194-ڈی خلاف ورزی پر سزا کا التزام کرتی ہے۔ سپریم کورٹ کی سڑک تحفظ کمیٹی نے بھی ریاستوں کو ہیلمٹ سے متعلق قانون پر عملدرآمد کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے۔
۔30 ستمبر تک چلے گا خصوصی مہم
ریاستی حکومت نے کہا کہ اس مہم کا مقصد شہریوں کو سزا دینا نہیں بلکہ انہیں قانون کے مطابق چلنے اور اپنی حفاظت کے لیے قدم اٹھانے کی ترغیب دینا ہے۔ ٹرانسپورٹ کمشنر برجیش نرائن سنگھ نے کہا کہ یہ مہم سزا نہیں بلکہ حفاظت کا عزم ہے۔ یہ مہم یکم سے 30 ستمبر تک چلے گی۔ تمام شہریوں، پٹرول پمپ مالکان اور تیل کمپنیوں سے اپیل ہے کہ وہ اس میں مکمل تعاون دیں۔ 'ہیلمٹ پہلے، ایندھن بعد میں' کو اصول بنائیں، کیونکہ ہیلمٹ پہننا زندگی کا سب سے آسان بیمہ ہے۔