نئی دہلی
دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کے روز کہا کہ دہلی کی تمام لڑکیوں کو کم از کم گریجویشن کی سطح تک تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔اندرا گاندھی دہلی ٹیکنیکل خواتین یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ریکھا گپتا نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین کو مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
ریکھا گپتا نے اپنی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی “لکھ پتی بٹیا یوجنا” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہر مستحق لڑکی کو گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ایک لاکھ پچیس ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا كہ میری خواہش ہے کہ دہلی میں کوئی بھی لڑکی گریجویشن کی سطح تک تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے۔ لڑکیوں کو صرف اسکول ہی نہیں بلکہ کالج بھی جانا چاہیے اور اپنی پسند کے کورس اور مضامین کی تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب خواتین کی قیادت میں ترقی کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ریکھا گپتا نے اندرا گاندھی دہلی خواتین ٹیکنیکل یونیورسٹی کی طالبات سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں اور اپنا کیریئر بنائیں بلکہ سماج اور ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔