مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اپنی بیٹنگ میں کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے: سرفراز

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-11-2025
مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اپنی بیٹنگ میں کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے: سرفراز
مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اپنی بیٹنگ میں کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے: سرفراز

 



ممبئی/ آواز دی وائس
ہندوستان اور ممبئی کے بلے باز سرفراز خان نے ہفتے کے روز کہا کہ موجودہ گھریلو سیزن میں زیادہ رنز نہ بنا پانے سے وہ ‘‘بالکل مایوس’’ نہیں ہیں اور انہیں اپنی بیٹنگ میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی ہے۔ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہونے کے بعد سے سرفراز کے لیے رنجی ٹرافی کا جاری سیزن مایوس کن رہا ہے۔ انہوں نے چار میچوں میں 22.20 کی اوسط سے صرف 111 رنز بنائے ہیں اور اس دوران ایک بھی نصف سنچری نہیں بنا پائے۔
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے انہوں نے رنجی سیزن میں کئی بڑی اور شاندار پاریاں کھیلیں۔ 2022-23 کے سیزن میں انہوں نے چھ میچوں میں 92.66 کی اوسط سے 556 رنز بنائے، 2021-22 میں چھ میچوں میں 122.75 کی اوسط سے 982 رنز بنائے، اور اس سے پہلے 2019-20 کے سیزن میں چھ میچوں میں 154.66 کی اوسط سے 928 رنز بنائے۔
سرفراز نے ہفتے کے روز وانکھڑے اسٹیڈیم میں ممبئی کے پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مجھے کچھ بدلنے کی ضرورت ہے کیونکہ میں اچھا کر رہا ہوں۔ میں نے ہمیشہ (پریکٹس میں) بہت زیادہ گیندیں کھیلی ہیں اور آج بھی جتنا ممکن ہو، اتنا زیادہ مشق کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے پڈوچیری کے خلاف مقابلے سے قبل کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اپنی تکنیک میں کوئی تبدیلی کرنی ہے۔ میں اچھی بیٹنگ کر رہا ہوں۔ میں ہمیشہ بہت سی گیندیں کھیلتا ہوں اور آج بھی جتنا ہو سکے مشق کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں رنز نہیں بنائے جا سکتے۔ پچھلے چار سیزن میں ہم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے۔ کبھی کبھار بلے باز اچھی بیٹنگ کے باوجود اپنا وکٹ گنوا دیتا ہے، لیکن ہم ہمیشہ رنز بنانے کی راہ پر واپس آ سکتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہونا ایک وجہ ہو سکتی ہے، لیکن سرفراز نے کہا کہ وہ اپنی بیٹنگ کی واپسی کو لے کر ‘‘بالکل بھی مایوس’’ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذرا بھی مایوسی نہیں ہے۔ اگر آپ میرا ریکارڈ دیکھیں تو میں نے خوب رنز بنائے ہیں۔ لوگ چار سال میں ایک بار ہزار رنز بناتے ہیں، لیکن میں نے چار پانچ سال تک مسلسل بہت رنز بنائے ہیں۔ سرفراز نے ٹیم کو آگے بڑھانے میں اپنے ہندوستانی ساتھی اور ممبئی کے کپتان شاردهُل ٹھاکر کی بھرپور تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ہمیشہ میرا ساتھ دیتی ہے اور ہمارے پاس ایک بہت اچھا کپتان ہے۔ شاردھل بھائی بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ میں پچھلے دو سال یہاں نہیں تھا، میں گھریلو کرکٹ نہیں کھیل رہا تھا کیونکہ میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ تھا اور اپنی (ممبئی) ٹیم کے ساتھ نہیں تھا، لیکن جس انداز میں شاردھل قیادت کر رہے ہیں، وہ بہت ہی شاندار کام انجام دے رہے ہیں۔