قومی سطح پر این آر سی کروانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا:نتیانند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2021
قومی سطح پر این آر سی کروانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا:نتیانند
قومی سطح پر این آر سی کروانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا:نتیانند

 

 

نئی دہلی

مانسون سیشن کے دوران ، حکومت کی طرف سے ، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا ہے کہ فی الحال حکومت نے قومی سطح پر این آر سی کروانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

رائے کی جانب سے یہ جواب رکن پارلیمنٹ نلیکھ کھڈسے کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں دیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا حکومت نے شیڈول ٹرائب کا کوئی مجاز ڈیٹا بیس تیار کرنے کے لیے علیحدہ این آر سی کروانے کی تجویز دی ہے۔

جواب میں رائے نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ملک میں غیر قانونی طور پر رہنے والے مہاجرین کا مرکزی سطح پر کوئی ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔ روہنگیا مہاجرین کی ملک کی سرحدوں میں داخل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسی رپورٹس بھی آئی ہیں جن میں وہ غلط کاموں میں ملوث ہیں۔

اس کے پیش نظر مرکز نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ اس سمت میں چوکس رہیں۔ مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس نے ان لوگوں کی شناخت کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ خفیہ اداروں کی مدد لینے کو کہا ہے۔

غورطلب ہے کہ این آر سی کے معاملے پر کافی تنازعہ ہوا ہے۔ اپوزیشن بھی اس حوالے سے حکومت پر سوالات اٹھاتی رہی ہے۔ آر ایس ایس کے سابق سربراہ موہن بھاگوت نے بھی اس حوالے سے بیان دیا ہے۔ انہوں نے آسام کے دورے کے دوران بھی اس مسئلہ پر وضاحت کی تھی۔ انہوں نے کہاتھا کہ CAA اور NRC کی کوئی مذہبی بنیاد نہیں ہے۔

اس دوران انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پربھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس معاملے پر صرف اپنے سیاسی مفادات دیکھ رہا ہے۔