نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی ریزرو بینک (آر بی آئی) کی میٹنگ میں آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا کی سربراہی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے آج شرح سود پر فیصلہ لیا۔ آر بی آئی نے اس بار ریپو ریٹ کو برقرار رکھا ہے، یعنی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ فی الحال آر بی آئی ریپو ریٹ کو 5.50 فیصد پر ہی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ وہی شرح ہے جس پر پچھلی میٹنگ میں 50 بیسس پوائنٹ کی کٹوتی کی گئی تھی۔
اس سے پہلے، مرکزی بینک اس سال فروری سے جون تک تین بار ریپو ریٹ میں کمی کر چکا ہے اور اب تک کل 1 فیصد کی رعایت دی جا چکی ہے۔ اس سال جون کی مانیٹری پالیسی ریویو میں ریپو ریٹ میں 0.5 فیصد کی کمی کی گئی تھی۔ وہیں فروری اور اپریل کی مانیٹری پالیسی ریویو میں ریپو ریٹ میں 0.25-0.25 فیصد کی کمی کی گئی تھی۔
آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ایم پی سی نے پالیسی ریٹ ریپو کو 5.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آر بی آئی نے 2025-26 کے لیے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کے اندازے کو 6.5 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ وہیں موجودہ مالی سال کے لیے خوردہ مہنگائی کے اندازے کو گھٹا کر 3.1 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ پہلے یہ 3.7 فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا تھا۔