پٹنہ: نیتیش کمار نے بدھ (19 نومبر) کو راج بھون پہنچ کر وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گورنر عارف محمد خان کو این ڈی اے کے تمام اراکینِ اسمبلی کی حمایت کا خط سونپا اور ریاست میں نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔
این ڈی اے کے لیجیلیٹیو پارٹی لیڈر منتخب ہونے کے بعد نیٹیش کمار نے راج بھون جا کر گورنر سے ملاقات کی۔ این ڈی اے کے اجلاس میں بی جے پی لیڈر سمرات چوہدری نے نیٹیش کمار کے نام کی تجویز پیش کی، جس پر اتفاقِ رائے سے منظوری دی گئی۔
نئی حکومت میں سمرات چوہدری اور وِجے سنہا ڈپٹی سی ایم کے طور پر برقرار رہیں گے۔ بی جے پی ودھائک دل نے سمرات چوہدری کو لیڈر اور وِجے سنہا کو ڈپٹی لیڈر منتخب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر کا عہدہ بھی بی جے پی کو دیا جائے گا۔ اس سے قبل نیٹیش کمار کو جے ڈی یو لیجیلیٹیو پارٹی کا لیڈر بھی چن لیا گیا۔ بدھ (19 نومبر) کو وزیرِ اعلیٰ کی رہائش گاہ پر جے ڈی یو کے اراکینِ اسمبلی کی نشست ہوئی، جس میں انہیں متفقہ طور پر قائد منتخب کیا گیا۔
نیٹیش کمار اب دسویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ جمعرات (20 نومبر) کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ نیٹیش کمار خود بھی منگل (18 نومبر) کو گاندھی میدان پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 202 نشستیں جیتیں۔ بی جے پی 89 سیٹیں جیت کر ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری، جبکہ نیٹیش کمار کی جنتا دل (یونائٹیڈ) کو 85 نشستیں ملیں اور وہ تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی۔ چیراغ پاسوان کی پارٹی ایل جے پی (آر) نے 19 نشستیں حاصل کیں۔ اسی طرح ہندوستانی عوام مورچہ (HAM) کو 5 اور آر ایل ایم کو 4 سیٹیں ملیں۔ دوسری جانب مہا گٹھ بندھن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور وہ صرف 35 سیٹوں تک محدود رہ گیا۔