نتیش کمار نے لالو دور کی بعد انتظامی کو یاد دلایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 24-10-2025
نتیش کمار نے لالو دور کی بعد انتظامی کو یاد دلایا
نتیش کمار نے لالو دور کی بعد انتظامی کو یاد دلایا

 



سمستی پور: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ’’بدانتظامی پھیلانے والے شخص‘‘ نے پہلے اپنی بیوی کو وزیر اعلیٰ بنا کر آگے کیا اور اب اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

جنتا دل (یونائیٹڈ) کے قومی صدر نے سمستی پور میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حمایت کریں، اور کہا کہ بہار وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی مدد سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اسی جلسے سے بہار میں انتخابی مہم کی شروعات کی۔

نتیش کمار نے لالو پرساد یادو پر بغیر نام لیے نشانہ سادھتے ہوئے کہا، ’’ریاست میں جس شخص نے بدانتظامی پھیلائی، اسے جب عہدہ چھوڑنے کی نوبت آئی تو اس نے اپنی بیوی کو وزیر اعلیٰ بنا دیا۔‘‘ نتیش 1997 کے اس واقعے کا حوالہ دے رہے تھے جب چارہ گھوٹالے کے معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے فرد جرم داخل کیے جانے کے بعد لالو پرساد کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا اور ان کی بیوی رابڑی دیوی نے عہدہ سنبھالا تھا۔

کمار نے کہا، ’’انہوں نے (لالو پرساد) آج تک اپنی عادتیں نہیں بدلیں۔ پہلے بیوی کو آگے کیا اور اب بیٹوں اور بیٹیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔‘‘ ان کا اشارہ مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو اور پٹنہ کی پٹنہ صاحب نشست سے رکن پارلیمان میسا بھارتی کی طرف تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا، ’’میں نے کچھ وقت کے لیے ان کی پارٹی سے اتحاد کیا تھا، لیکن جلد ہی سمجھ گیا کہ یہ غلطی تھی۔ میں نے پایا کہ میں اسی اتحاد میں بہتر ہوں، جس کا میں شروع سے حصہ رہا ہوں۔‘‘ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے صدر نے کہا کہ این ڈی اے کی حکومت میں بہار نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی مودی حکومت نے ریاست کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا ہے۔