پٹنہ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے کے دو ہفتے بعد پیر کے روز بہار اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ بانکی پور نشست سے ان کا استعفیٰ بی جے پی کی بہار یونٹ کے ریاستی صدر سنجے سرافگی نے اسمبلی کے اسپیکر پریم کمار کو سونپا۔
پریم کمار نے صحافیوں سے کہا، "نتن نوین کا استعفیٰ مجھے سرافگی کے ذریعے موصول ہوا ہے۔ اسے قبول کر لیا گیا ہے۔ مزید رسمی کارروائی کے لیے میں نے اسے متعلقہ حکام کو بھیج دیا ہے۔" بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی پیر کو ریاستی قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
نوین اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سربراہ دونوں 16 مارچ کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ نوین نے استعفیٰ دینے سے پہلے پیر کو ‘ایکس’ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، آج میں بانکی پور اسمبلی حلقے سے بہار اسمبلی کے منتخب رکن کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا، گزشتہ 20 برسوں میں میں نے اپنے مرحوم والد نویَن کشور پرساد سنہا کے قائم کردہ اس حلقے کو لگن کے ساتھ سنبھالنے اور ترقی دینے کی مسلسل کوشش کی ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنے حلقے اور ریاست بہار کی ترقی کے لیے پوری وابستگی کے ساتھ کام کیا ہے۔
بی جے پی رہنما نے کہا، اسی کا نتیجہ ہے کہ عوام نے مجھے مسلسل پانچ بار اسمبلی کے لیے منتخب کر کے ان کی خدمت کا موقع دیا۔ نوین نے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو نئی ذمہ داری سونپی ہے، اس میں بھی وہ بانکی پور اسمبلی حلقے اور بہار کی ترقی کے لیے پرعزم رہیں گے۔