نقاب ہٹانے کا معاملہ: وزیرِ اعلیٰ بہار افسوس کا اظہار کر کے تنازع ختم کریں: مایاوتی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-12-2025
نقاب ہٹانے کا معاملہ: وزیرِ اعلیٰ بہار افسوس کا اظہار کر کے تنازع ختم کریں: مایاوتی
نقاب ہٹانے کا معاملہ: وزیرِ اعلیٰ بہار افسوس کا اظہار کر کے تنازع ختم کریں: مایاوتی

 



لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیرِ اعلیٰ مایاوتی نے بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون کا نقاب ہٹانے کے واقعے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ حل ہونے کے بجائے وزیروں اور رہنماؤں کے بیانات کی وجہ سے مزید طول پکڑتا جا رہا ہے، جو نہایت افسوسناک اور بدقسمتی کی بات ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار سے اس معاملے پر افسوس ظاہر کرنے اور تنازع کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ سابق وزیرِ اعلیٰ نے بہرائچ میں ہونے والی متنازع پولیس پریڈ کے واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک طویل پوسٹ میں مایاوتی نے کہا کہ ’نقاب‘ سے متعلق تنازع ’’افسوسناک اور بدقسمتی‘‘ ہے، جو اس واقعے پر وزیروں کے بیانات کی وجہ سے مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

اس واقعے کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز پٹنہ میں وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ میں پیش آیا، جہاں آیوش کے ڈاکٹر تقرری کے خطوط وصول کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ جب ایک خاتون اپنا تقرری نامہ لینے آئیں تو نتیش کمار نے ان کا نقاب دیکھ کر کہا، ’’یہ کیا ہے‘‘ اور پھر انہوں نے نقاب ہٹا دیا۔ اس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے وزیرِ اعلیٰ سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا۔

مایاوتی نے ہفتہ کے روز اپنے سرکاری ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، "بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ڈاکٹروں کو تقرری نامے تقسیم کرنے کے عوامی پروگرام میں ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب ہٹانے کا معاملہ سلجھنے کے بجائے مسلسل شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، خاص طور پر وزیروں وغیرہ کے بیانات کی وجہ سے یہ تنازع بن چکا ہے، جو نہایت افسوسناک اور بدقسمتی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا، "یہ معاملہ پہلی نظر میں ہی خواتین کی سلامتی اور عزت سے جڑا ہوا ہے، اس لیے معزز وزیرِ اعلیٰ کی براہِ راست مداخلت سے اب تک اسے حل ہو جانا چاہیے تھا، خاص طور پر اس لیے کہ مختلف مقامات پر اس نوعیت کے دیگر واقعات بھی سننے میں آ رہے ہیں۔" بی ایس پی سربراہ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا، "بہتر ہوگا کہ وزیرِ اعلیٰ اس واقعے کو درست تناظر میں دیکھتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کریں اور تلخ ہوتی جا رہی اس بحث کو یہیں ختم کرنے کی کوشش کریں۔

بہار کے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے تقرری نامے تقسیم کرنے کے دوران نو تعینات مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب ہٹانے اور اتر پردیش حکومت کے وزیر ڈاکٹر سنجے نشاد کے مبینہ قابلِ اعتراض بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ مایاوتی نے اپنی طویل پوسٹ میں بہرائچ کے معاملے سمیت کئی موضوعات اٹھائے۔ انہوں نے کہا، "اتر پردیش کے ضلع بہرائچ میں پولیس پریڈ کے دوران قائم روایت اور قوانین سے ہٹ کر ایک کتھا واچک کو سلامی دیے جانے کا معاملہ بھی ایک بڑے تنازع کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اس پر حکومت کٹہرے میں ہے۔

انہوں نے کہا، "پولیس پریڈ اور سلامی کی اپنی روایت، اصول، وقار، نظم و ضبط اور تقدس ہوتا ہے، جس کے ساتھ کسی بھی صورت کھلواڑ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ اچھی بات ہے کہ اتر پردیش کے پولیس سربراہ نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع پولیس کپتان سے جواب طلب کیا ہے۔" انہوں نے ڈی جی پی کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اب کارروائی کا انتظار ہے۔ "ریاستی حکومت اگر اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور ایسی کارروائی کرے کہ اس قسم کے واقعات دوبارہ نہ ہوں، تو یہ پولیس نظم و ضبط اور قانون کی حکمرانی کے حق میں ہوگا۔

مایاوتی نے شروع ہوئے اسمبلی کے سرمائی اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، جہاں تک 19 دسمبر سے شروع ہونے والے اتر پردیش اسمبلی کے مختصر سرمائی اجلاس کا تعلق ہے، تو یہ اجلاس بھی گزشتہ اجلاسوں کی طرح عوامی مفاد اور فلاحی امور سے دور رہتے ہوئے اقتدار اور اپوزیشن کے درمیان بحث و تکرار کی نذر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا، بہتر ہوتا کہ حکومت کسانوں کو کھاد کی قلت جیسے مسائل سمیت دیگر عوامی مسائل اور فلاحی امور پر سنجیدگی سے غور کرتی اور ایوان میں ان پر جواب دہ ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا، دارالحکومت دہلی میں جاری شدید فضائی آلودگی سمیت ملک اور عوامی مفاد سے جڑے سنگین مسائل پر غور کیے بغیر پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس بھی کل ختم ہو گیا۔ پورے ملک کی نظریں اس بات پر تھیں کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ان سلگتے مسائل پر غور کریں گے اور کوئی نئی امید پیدا ہوگی، لیکن ایسا نہ ہونا بدقسمتی کی بات ہے۔

ملک کی تشویش بدستور برقرار ہے۔ مایاوتی نے کہا، پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں جس تیزی سے حالات بگڑ رہے ہیں اور وہاں نیپال کی طرح بھارت مخالف سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، وہ بھی تشویشناک ہے۔ اس پر مرکزی حکومت کو سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے طویل مدتی پالیسی کے تحت اقدامات کرنے چاہئیں۔