دہلی،ہماچل پردیش میں این آئی اے کی کارروائی: دو افراد گرفتار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2025
دہلی،ہماچل پردیش میں این آئی اے کی کارروائی: دو افراد گرفتار
دہلی،ہماچل پردیش میں این آئی اے کی کارروائی: دو افراد گرفتار

 



نئی دہلی: قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کے روز ہماچل پردیش اور دہلی میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کے دوران این آئی اے نے ڈنکی روٹ کے ذریعے لوگوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین الزامات میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

گرفتار افراد کی شناخت سنی عرف سنی ڈونکر اور شبھم سندھال عرف دیپ ہنڈی کے طور پر ہوئی ہے۔ این آئی اے نے بتایا کہ دہلی اور ہماچل پردیش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ اس دوران دو افراد کو حراست میں لیا گیا جو امریکہ ڈنکی روٹ انسانی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔

ملزمان میں سنی کا تعلق دھرم شالہ، ضلع کانگڑا (ہماچل پردیش) سے ہے، جبکہ شبھم سندھال عرف دیپ ہنڈی کا تعلق روپر (پنجاب) سے ہے۔ فی الحال یہ دونوں دہلی کے علاقے پیراگڑھی میں رہائش پذیر تھے۔ یہ دونوں مارچ میں گرفتار کیے گئے گگن دیپ سنگھ عرف گولڈی کے ساتھی تھے۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ سنی نے ماسکو (روس) کی ایک خاتون سے شادی کی تھی، اور ان کی ایک چھ سالہ بیٹی بھی ہے۔ پچھلے سات برسوں میں سنی کئی بار اپنی بیوی کے ساتھ بیرون ملک آتا جاتا رہا ہے۔ الزام ہے کہ سنی نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر ڈنکی روٹ کے ذریعے کچھ لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر لاکھوں روپے اکٹھے کیے۔

سنی پر انسانی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ منی لانڈرنگ (رقم کی غیر قانونی منتقلی) کے بھی الزامات ہیں۔ این آئی اے نے اس پر فوجداری قانون کی دفعات دفعہ 143: انسانی اسمگلنگ ، دفعہ 238: جرم کے شواہد چھپانے یا مجرم کو پناہ دینے کے لیے جھوٹی معلومات دینا ، دفعہ 318: دھوکہ دہی اور دفعہ 61(2): مجرمانہ سازش کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اور پنجاب ٹریول پروفیشنل ریگولیشن ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔