سچن واجے کے خلاف فرد جرم عائد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-09-2021
 سچن واجے کے خلاف فرد جرم عائد
سچن واجے کے خلاف فرد جرم عائد

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے مکیش امبانی کے گھر اینٹیلیا کے قریب پائے جانے والے دھماکہ خیز مواد سے بھری اسکارپیو کے مالک منسوکھ ہیرن کے قتل میں اپنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔

این آئی اے نے سچن واجے سمیت 10 افراد کو ملزم بنایا ہے۔

چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ منسوکھ کو قتل کرنے کے لیے 45 لاکھ روپے دیے گئے تھے۔

رواں برس 9 جون2021 کو خصوصی عدالت نے این آئی اے کو منسوکھ کیس میں چارج شیٹ پیش کرنے کے لیے دو ماہ کا وقت دیا تھا۔

تفتیشی ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ اب تک 150 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

ایک ٹیم نے تفتیش کے لیے دہلی جا کر کچھ لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔

این آئی اے دو فونز کی بھی جانچ کر رہی ہے۔

این آئی اے نے منسوکھ کیس میں دو فون ضبط کیے ہیں۔

یہ فون دہلی کی تہاڑ جیل میں بند انڈین مجاہدین کے مبینہ سربراہ تحسین اختر سے برآمد ہوئے۔

اختر نے اعتراف کیا ہے کہ یہ دونوں فون اس کے ہیں۔

اس حوالے سے این آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ان فونز کی تفتیش کئی اہم انکشافات کا باعث بھی بن سکتی ہے، اس لیے کچھ اور وقت درکار ہے۔

 ایک دھماکہ خیز مواد سے بھری اسکارپیو 25 فروری کو اینٹیلیا کے باہر ملی تھی۔ جیش الہند نامی ایک دہشت گرد تنظیم نے دھماکہ خیز مواد رکھنے کی ذمہ داری لی۔

ذرائع کے مطابق اختر نے این آئی اے کو بتایا ہے کہ اس نے ٹیلی گرام پر پیغامات نہیں بھیجے۔

ساتھ ہی این آئی اے اس معاملے میں ممبئی پولیس کے ایک سینئر افسر کے خلاف ملنے والے شواہد کی بھی جانچ کر رہی ہے۔

تحقیقات کے بعد اس افسر کی گرفتاری کی اجازت بھی لی جائے گی۔

اب تک ان لوگوں کو منسوکھ قتل کیس میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

این آئی اے نے ابھی تک ممبئی پولیس کے برطرف کردہ اے پی آئی سچن واجے، انکاؤنٹر اسپیشلسٹ پردیپ شرما ، ریاض الدین قاضی اور سنیل مانے کو منسوکھ  کیس میں گرفتار کیا ہے۔

این آئی اے نے سابق پولیس کانسٹیبل وینایک شنڈے اور کرکٹ سٹے دار نریش گور کو بھی گرفتار کیا تھا۔ یہ تمام ملزمان اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں۔