کشمیر میں این آئی اے کے چھاپے میں چار مشتبہ گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
کشمیر میں این آئی اے کے چھاپے میں چار مشتبہ گرفتار
کشمیر میں این آئی اے کے چھاپے میں چار مشتبہ گرفتار

 

 

آواز دی وائس، سری نگر

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وادی کشمیر کے سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں 16 مقامات پر چھاپے مار کر 4 مشتبہ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کیا ہے۔

این آئی اے کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملی ٹنسی سازش کیس کے سلسلے میں این آئی اے نے سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں 16 مقامات پر چھاپے مار کر چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت وسیم احمد صوفی ساکن چھتہ بل سری نگر، طارق احمد ڈار ساکن شیر گڑھی سری نگر، بلال احمد میر ساکن پارمپورہ سری نگراور طارق احمد بفنڈو ساکن راجوری کدل سری نگر کے بطور کی ہے۔

موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار شدگان مختلف جنگجو تنظیموں کے ساتھ اعانت کاروں کی حیثیت سے کام کررہے تھے اور وہ جنگجوؤں کو جنگجو یانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے منطقی و دیگر سپورٹ فراہم کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیس کالعدم جنگجو تنظیموں بشمول لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب المجاہدین، البدر اور ان سے وابستہ دیگر ٹی آر ایف جیسی تنظیموں کی طرف سے جموں و کشمیر، دلی اور دوسرے بڑے شہروں میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے بارے میں موصولہ اطلاعات کے متعلق درج کیا گیا ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ان جنگجو تنظیموں کے اعانت کار ہمسایہ ملک میں بیٹھے اپنے ہینڈلرس اور کمانڈروں کے ساتھ سازشیں کر رہے ہیں اور یہاں مقامی نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کے لئے تیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ان جنگجوؤں نے کئی پر تشدد کارروائیاں انجام دی ہیں جن میں عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی ہلاکتیں اور وادی میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنا شامل ہے۔