اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات معیشت کو کھلا اور شفاف بنائیں گی: سیتارمن

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات معیشت کو کھلا اور شفاف بنائیں گی: سیتارمن
اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات معیشت کو کھلا اور شفاف بنائیں گی: سیتارمن

 



چنئی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے منگل کو کہا کہ اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات معیشت کو پوری طرح کھلا اور شفاف بنائیں گی۔ اس سے تعمیل (کمپلائنس) کا بوجھ مزید کم ہوگا اور چھوٹے کاروباروں کو فائدہ پہنچے گا۔ تمل ناڈو میں واقع سٹی یونین بینک کے 120ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ اس پروگرام میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو بطور مہمانِ خصوصی شریک تھیں۔

سیتارمن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں اگلی نسل کی اصلاحات کے لیے ایک ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد قوانین کو آسان بنانا، تعمیل کی لاگت کم کرنا اور اسٹارٹ اَپس، مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) اور کاروباری طبقے کے لیے ایک زیادہ سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’اس کے علاوہ، آئندہ دو دنوں میں ہونے والی کونسل کی میٹنگ کے ساتھ اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات کے منظم آغاز سے آنے والے مہینوں میں معیشت پوری طرح کھلی اور شفاف ہو جائے گی۔ تعمیل کا بوجھ مزید کم ہوگا جس سے چھوٹے کاروباروں کے پنپنے میں آسانی ہوگی۔‘‘ یومِ آزادی کے اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) میں بڑے اصلاحات کا اعلان کیا تھا اور شہریوں کے لیے دیوالی پر تحفوں کا وعدہ کیا تھا۔

سیتارمن نے کہا کہ ملک جب اپنے ’وِکست بھارت 2047‘ کے وژن کی جانب بڑھ رہا ہے تو بینکوں کو نہ صرف قرض کی فراہمی میں توسیع کرنی چاہیے بلکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنا، ایم ایس ایم ای کو بروقت اور ضرورت کے مطابق مالی تعاون فراہم کرنا، بینکنگ خدمات سے محروم لوگوں کو باضابطہ نظام میں لانا اور متنوع ضروریات کو پورا کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے بینکاری شعبے کی حمایت انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا، ’’اس تبدیلی کی رہنمائی کرنے والے اصول اعتماد، ٹیکنالوجی اور شفافیت ہونے چاہئیں۔‘‘ مرکزی وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ گزشتہ 11 برسوں میں 56 کروڑ جن دھن اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جن میں کل جمع شدہ رقم 2.68 لاکھ کروڑ روپے ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کھاتے خواتین کے نام پر ہیں۔

سیتارمن نے یہ بھی کہا کہ بھارتیہ شیڈیولڈ کمرشیل بینکوں نے اثاثوں کے معیار (ایسِٹ کوالٹی) میں نمایاں بہتری درج کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے 18 برس کے بعد پہلی بار ملک کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔