اتحاد میں الیکشن لڑنے کی خبریں گمراہ کن ہیں: مایاوتی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-02-2026
اتحاد میں الیکشن لڑنے کی خبریں گمراہ کن ہیں: مایاوتی
اتحاد میں الیکشن لڑنے کی خبریں گمراہ کن ہیں: مایاوتی

 



لکھنؤ:مایاوتی، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ نے آئندہ اسمبلی انتخابات اتحاد میں لڑنے کی خبروں کو گمراہ کرنے کی نیت سے پھیلائی جانے والی ‘فیک نیوز’ قرار دیتے ہوئے بدھ کو کہا کہ ان کی پارٹی اگلا انتخاب اپنے بل بوتے پر ہی لڑے گی۔

مایاوتی نے یہاں ‘پی ٹی آئی-ویڈیو’ سے گفتگو میں کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے یہ خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ بی ایس پی اتر پردیش میں ہونے والا اگلا اسمبلی انتخاب اتحاد کے تحت لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام چرچا سراسر لوگوں کو گمراہ کرنے کے مقصد سے پھیلائی جانے والی ‘فیک نیوز’ ہے۔

انہوں نے کہا، “یہ بالکل غلط، جھوٹ، ہوا ہوائی اور من گھڑت خبر ہے۔ ایسے میں رہنماؤں کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی اس طرح کی خبروں سے بچنا چاہیے۔” بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ وہ کئی بار عوامی طور پر اعلان کر چکی ہیں کہ ان کی پارٹی اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑے گی، اور خاص طور پر 9 اکتوبر 2025 کو بی ایس پی کے بانی کانشی رام کی برسی کے موقع پر لکھنؤ میں منعقدہ مہاریلی میں بھی اس کا کھلا اعلان کیا جا چکا ہے۔

اب اس حوالے سے کسی بحث یا قیاس آرائی کی کوئی گنجائش باقی نہیں ہے۔ تاہم، ان کے مطابق کچھ لوگ اور میڈیا کا ایک طبقہ سازش کے تحت ایسی جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے، جسے بی ایس پی مخالف ہتھکنڈا سمجھا جانا چاہیے اور عوام کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی کارکنان بخوبی جانتے ہیں کہ انڈین نیشنل کانگریس، سماجوادی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی سوچ ‘تنگ نظر’ ہے۔ ساتھ ہی، پرم پوجیہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے ‘مخالف’ ہونے کے سبب ان کا امبیڈکر وادی ہونا اور بی ایس پی سے اتحاد کی پالیسی محض انتخابی مفاد پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد سے بی ایس پی کو صرف نقصان ہوتا ہے، اسی لیے پارٹی 2027 کا اسمبلی انتخاب اکیلے پوری قوت سے لڑے گی۔

دہلی میں انہیں الاٹ کیے گئے ٹائپ-آٹھ بنگلے کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے سیکورٹی خدشات کے باعث انہیں پہلے بھی ایسا بنگلہ الاٹ کیا جاتا رہا ہے، لہٰذا اس معاملے پر بے بنیاد باتیں اور سیاست نہ کی جائے۔

انہوں نے پارٹی کارکنان کو خبردار کرتے ہوئے کہا، جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے، سام، دام، ڈنڈ، بھید جیسے ہتھکنڈے اپنا کر بی ایس پی کو اقتدار سے دور رکھنے کی مخالفین کی سازشیں مزید بڑھیں گی۔ بی ایس پی کارکنان کسی بہکاوے میں نہ آئیں اور آئندہ انتخاب کی تیاری میں تن، من اور دھن سے جٹے رہیں۔