پنجی/ آواز دی وائس
نئے سال کا جشن منانے کے لیے بدھ کی رات گوا کے ساحلوں پر خوشگوار اور پُرجوش ماحول دیکھنے میں آیا۔ آتش بازی، موسیقی اور پارٹیوں کے درمیان ہزاروں افراد ساحلوں پر جمع ہوئے، جبکہ شمالی گوا کے اہم ساحلی علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال بنی رہی۔ یہ جانکاری حکام اور مقامی لوگوں نے دی۔ کلانگُوٹ، سنکوریِم، باگا، واگاتور، اَرمبول اور کیریم سمیت مشہور ساحلوں پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، جہاں سمندر کنارے قائم ‘شیک’، ‘نائٹ اسپاٹس’ اور کھلے مقامات پر دیر رات تک جشن جاری رہا۔
جیسے ہی آدھی رات ہوئی، ساحلی علاقوں کے اوپر آسمان رنگ برنگی آتش بازی سے روشن ہو گیا۔ لوگ تالیاں بجاتے، ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور مبارکباد دیتے ہوئے موسیقی اور سمندر کی لہروں کی آواز کے درمیان نئے سال کا استقبال کرتے نظر آئے۔ پولیس کے مطابق اہم ساحلی علاقوں کی جانب گاڑیوں کی آمد و رفت کئی گھنٹوں تک سست رہی۔ جشن کے مقامات کی طرف جانے والے اور آدھی رات کے بعد واپس لوٹنے والے سیاحوں کی گاڑیوں اور دو پہیہ سواریوں سے سڑکیں کھچا کھچ بھری رہیں۔
مقامی انتظامیہ نے جشن کے مقامات پر بھیڑ اور ٹریفک کے نظم و نسق کے لیے اضافی پولیس فورس تعینات کی تھی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے ریاست کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ آنے والا سال تمام گووا واسیوں کے لیے امن، خوشحالی، بہتر صحت اور مسرت لے کر آئے گا۔ انہوں نے گووا کے عوام سے ‘سویَم پورن گوا’ مشن میں فعال شرکت کرنے اور زیادہ خود کفیل بننے کی سمت میں کوششیں تیز کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے گوا کی مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور اجتماعی فلاح و بہبود کی مضبوط روایت کو برقرار رکھنے کی بھی درخواست کی۔