فیڈریشن آف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشنز کی نئی قیادت نے ذمہ داریاں سنبھالیں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
فیڈریشن آف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشنز کی نئی قیادت نے ذمہ داریاں سنبھالیں
فیڈریشن آف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشنز کی نئی قیادت نے ذمہ داریاں سنبھالیں

 



 علی گڑھ، : فیڈریشن آف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشنز (ایف اے اے اے) نے مسٹر افضل عثمانی کو اپنا نیا صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ اے ایم یو کے نمایاں سابق طالب علم اور کمیونٹی رہنما ہیں، اور 2025–2026 کی مدت کے لیے علی گڑھ الومنئی ایسوسی ایشن، واشنگٹن ڈی سی کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کی ٹیم میں محترمہ نائلہ سعید (ٹورنٹو) بطور سکریٹری اور جناب علی فخرالدین صدیقی (ٹیکساس) بطور خازن شامل ہیں۔ دونوں جولائی 2024 سے ایف اے اے اے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں فعال خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنی نئی ذمہ داریوں کے لیے بھرپور تنظیمی تجربہ رکھتے ہیں۔

اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہوئے جناب عثمانی نے کہا ”مجھے فیڈریشن کا صدر بننے پر فخر ہے۔ اے ایم یو نے ہمیں علم اور کردار کی مضبوط بنیاد دی ہے۔ اب وقت ہے کہ ہم اپنی مادر علمی کی حمایت کر کے، اپنی کمیونٹی کو بلند کر کے، اور سر سید کی میراث کو شمالی امریکہ میں سابق طلبہ کی مشترکہ کوششوں سے زندہ رکھ کر ادارے کی خدمت کریں“۔ ان کی قیادت میں فیڈریشن کئی نئے اقدامات کا منصوبہ رکھتی ہے، جن میں نوجوانوں کی شمولیت کے پروگرام، رہنمائی کے مواقع، وظیفہ اسکیمیں، ڈیجیٹل روابط، اور اے ایم یو انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون شامل ہیں۔ ان کا وژن نہ صرف امریکہ اور کینیڈا میں سابق طلبہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے پر مرکوز ہے بلکہ اے ایم یو کے طلبہ کے لیے وظائف اور تعلیمی اشتراک کے مواقع کو بڑھانے پر بھی ان کی توجہ ہے۔

فیڈریشن نے سبکدوش ہونے والی قیادت کی شاندار خدمات کو بھی سراہا۔ سبکدوش صدر ڈاکٹر نوشاد خان غلزئی (اٹلانٹا) کو فیڈریشن کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سبکدوش سکریٹری ڈاکٹر شعیب احمد (اٹلانٹا) اور سبکدوش خازن جناب کوثر زیدی (اپ اسٹیٹ نیویارک) کا بھی ان کی وابستگی اور خدمت پر شکریہ ادا کیا گیا۔

فیڈریشن نے اپنے حالیہ بورڈ انتخابات کے نتائج کا بھی اعلان کیا، جہاں تمام عہدوں پر متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ منتخب ہونے والے نئے اراکین میں ڈاکٹر عبدالجبار خان (اے اے اے یو این وائی، البانی، نیویارک) بطور صدر منتخب، جناب شاہ فیصل خان (اے اے اے گریٹر شکاگو) بطور سکریٹری، جناب شاہ شعیب فیضان (اے اے اے نیویارک) بطور خازن، جناب کوثر عثمانی (اے اے اے نیویارک) بطور رکن بورڈ آف ٹرسٹیز شامل ہیں۔

پروفیسر سرتاج تبسم، چیئرمین، اے ایم یو الومنئی افیئرز کمیٹی نے سبھی عہدیداروں اور اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ”جناب عثمانی کی اے ایم یو الومنئی کمیونٹی کے تئیں وابستگی قابل تعریف ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں یہ نیٹ ورک عالمی سطح پر ترقی کرتا رہے گا اور اثر انداز ہوتا رہے گا“۔

قابل ذکر ہے کہ مذکورہ فیڈریشن، شمالی امریکہ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی الومنئی ایسوسی ایشنز کا اتحاد ہے جس کا مقصد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی میراث کو محفوظ رکھنا، تعلیمی ترقی پر زور اور دنیا بھر میں اے ایم یو کے سابق طلبہ کے درمیان اتحاد و اشتراک کو فروغ دینا ہے۔