جی ایس ٹی کی نئی شرحیں کل سے نافذ ہونگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2025
جی ایس ٹی کی نئی شرحیں کل سے نافذ ہونگی
جی ایس ٹی کی نئی شرحیں کل سے نافذ ہونگی

 



نئی دہلی: باورچی خانے میں استعمال ہونے والے سامان سے لے کر الیکٹرانکس، دوائیں، آلات اور گاڑیاں تک تقریباً 375 اشیاء پیر یعنی 22 ستمبر سے سستی ہو جائیں گی، کیونکہ مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) میں کمی کل سے نافذ ہو رہی ہے۔

جی ایس ٹی کونسل نے صارفین کو راحت دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ 22 ستمبر (یعنی نوی راتری کے پہلے دن) سے جی ایس ٹی کی شرحیں کم کر دی جائیں گی۔ گھی، پنیڑ، مکھن، نمکین، کیچپ، جیم، خشک میوہ، کافی اور آئس کریم جیسی روزمرہ کی اشیاء کے ساتھ ساتھ ٹی وی، ایئر کنڈیشنر (اے سی) اور واشنگ مشین جیسے قیمتی سامان بھی سستے ہو جائیں گے۔

جی ایس ٹی میں اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے روزمرہ کے استعمال کا سامان تیار کرنے والی کئی ایف ایم سی جی کمپنیوں نے پہلے ہی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ زیادہ تر دواؤں، فارمولیشنز اور گلوکومیٹر اور تشخیصی کٹس جیسے میڈیکل آلات پر جی ایس ٹی کی شرح گھٹا کر پانچ فیصد کر دی گئی ہے، جس سے عام آدمی کو دوائیں کم قیمت پر ملیں گی۔

سیمنٹ پر جی ایس ٹی 28 فیصد سے گھٹا کر 18 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے مکان بنانے والوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ حکومت نے پہلے ہی میڈیکل اسٹورز کو ہدایت دی ہے کہ وہ جی ایس ٹی میں کمی کا فائدہ مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) میں تبدیلی کریں یا کم قیمت پر دوائیں فروخت کریں۔

جی ایس ٹی شرح میں کمی سے سب سے بڑا فائدہ گاڑیاں خریدنے والوں کو ہوگا، کیونکہ چھوٹی اور بڑی کاروں پر ٹیکس کی شرح بالترتیب 18 فیصد اور 28 فیصد کر دی گئی ہے۔ کئی کار کمپنیوں نے پہلے ہی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

سروسز کی بات کریں تو ہیلتھ کلب، سیلون، نائی کی دکان، فٹنس سینٹر اور یوگا جیسی بیوٹی اور فٹنس خدمات پر جی ایس ٹی کو ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) کے ساتھ 18 فیصد سے گھٹا کر، بغیر کریڈٹ کے پانچ فیصد کر دیا گیا ہے۔ بالوں کے تیل، صابن، شیمپو، ٹوتھ برش اور ٹوتھ پیسٹ جیسی روزمرہ کی اشیاء بھی سستی ہو سکتی ہیں کیونکہ ان پر ٹیکس کی شرح 12/18 فیصد سے گھٹا کر پانچ فیصد کر دی گئی ہے۔

ٹیلکم پاؤڈر، فیس پاؤڈر، شیونگ کریم اور آفٹر شیون لوشن جیسی دیگر روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں بھی کم ہو سکتی ہیں، کیونکہ ان پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے گھٹ کر پانچ فیصد کر دیا گیا ہے۔ 22 ستمبر سے جی ایس ٹی میں دو سلیب ہوں گے۔ زیادہ تر اشیاء اور خدمات پر پانچ اور 18 فیصد ٹیکس لگے گا۔

عیاشی کی اشیاء پر ٹیکس کی شرح 40 فیصد ہوگی جبکہ تمباکو اور اس سے جڑے مصنوعات پر 28 فیصد ٹیکس کے ساتھ اضافی محصول لگے گا۔ فی الحال جی ایس ٹی کے چار سلیب 5، 12، 18 اور 28 فیصد ہیں۔ اس کے علاوہ، لگژری سامان اور مضر اشیاء پر اضافی محصول بھی لگایا جاتا ہے۔

گزشتہ ہفتے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا تھا کہ جی ایس ٹی اصلاحات سے معیشت میں دو لاکھ کروڑ روپے آئیں گے، جس سے عوام کے پاس ٹیکس کی مد میں جانے والا پیسہ بچے گا۔ اب تک 12 فیصد جی ایس ٹی سلیب میں آنے والی تقریباً 99 فیصد اشیاء پر اب پانچ فیصد ٹیکس لگے گا۔ اس تبدیلی کے بعد 28 فیصد ٹیکس والے 90 فیصد مصنوعات کو 18 فیصد سلیب میں منتقل کر دیا جائے گا۔