نیٹ-یو جی پرچہ لیک کیس: مہاراشٹر کے لاتور میں غیر قانونی کوچنگ مراکز کے خلاف کاروائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2026
نیٹ-یو جی پرچہ لیک کیس: مہاراشٹر کے لاتور میں غیر قانونی کوچنگ مراکز کے خلاف کاروائی
نیٹ-یو جی پرچہ لیک کیس: مہاراشٹر کے لاتور میں غیر قانونی کوچنگ مراکز کے خلاف کاروائی

 



نئی دہلی: نیٹ-یو جی 2026 کے سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے مبینہ معاملے کی تفتیش کے دوران مہاراشٹر کے لاتور سے تعلق سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی کوچنگ مراکز اور متعلقہ ڈھانچوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔

یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی جب مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اس کیس کی جانچ کر رہا ہے اور اب تک 11 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں ریٹائرڈ پروفیسر پی وی کلکرنی اور رینوکا کرئیر سینٹر کے ڈائریکٹر شیوراج موٹے گاؤںکر شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ضلع انتظامیہ نے لاتور کے ان علاقوں پر سخت نگرانی شروع کر دی ہے جو غیر رسمی طور پر “کوچنگ ہب” کے طور پر مشہور ہیں۔

ضلع انڈسٹری سینٹر نے 22 مئی کو ایک سرکاری حکم جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ صنعتی مقصد کے لیے مختص علاقوں میں چلنے والی تمام غیر قانونی کاروباری سرگرمیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔ یہ کارروائی ضلع کلکٹر کی صدارت میں ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد شروع کی گئی۔

انتظامیہ کے مطابق کئی صنعتی یونٹس کو اصل صنعتی پیداوار کے بجائے کوچنگ کلاسز، ہاسٹلز، کھانے پینے کی دکانوں، اسٹڈی رومز اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ اس سے قبل سی بی آئی نے پونے کی منیشا ہولدار کو بھی نیٹ فزکس کے سوال لیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور معاملے میں مزید گرفتاریاں اور انکشافات کا امکان ہے۔