نیپال کا سانحہ وادیٔ کشمیر کے لیے وارننگ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے: میرواعظ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2026
نیپال کا سانحہ وادیٔ کشمیر کے لیے وارننگ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے: میرواعظ
نیپال کا سانحہ وادیٔ کشمیر کے لیے وارننگ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے: میرواعظ

 



سری نگر: کشمیر کے معروف مذہبی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کو کہا کہ نیپال میں پیش آئے سانحے کو وارننگ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے وادیٔ کشمیر کے ’’نازک ماحولیاتی نظام‘‘ کے فوری تحفظ پر زور دیا۔ جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے لیے جمع لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ نیپال اور پورے ہمالیائی خطے میں ہونے والی تباہی سب کے لیے گہری تشویش کا باعث ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا، ’’یہ الگ تھلگ واقعات نہیں ہیں۔ یہ اس بات کی وارننگ ہیں کہ گلیشیئرز کے پگھلنے اور ٹوٹنے کی وجہ سے ہمارا پہاڑی ماحولیاتی نظام کس قدر نازک ہو گیا ہے۔‘‘ میرواعظ نے کہا، ’’ہم اس مشکل وقت میں نیپال کے عوام کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ ساتھ ہی ہم ان متعدد لوگوں کی سلامتی اور جلد بحفاظت واپسی کے لیے بھی دعا گو ہیں جو اب بھی لاپتہ ہیں، اور تمام متاثرین کے لیے طاقت اور راحت کی دعا کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھی اسی نازک ہمالیائی خطے کا حصہ ہے۔ میرواعظ نے کہا، ’’ہم پہلے ہی شدید بارشوں، بادل پھٹنے، اچانک آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی بلاشبہ ایک اہم وجہ ہے، لیکن ہمیں یہ سوال بھی کرنا چاہیے کہ کہیں ہمارا موجودہ ترقیاتی طریقہ اس صورتحال کو مزید خطرناک تو نہیں بنا رہا۔‘‘