نیپال کے وزیراعظم اولی نے دیا استعفیٰ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-09-2025
نیپال کے وزیراعظم اولی نے دیا استعفیٰ
نیپال کے وزیراعظم اولی نے دیا استعفیٰ

 



کھٹمنڈو/ آواز دی وائس
نیپال کے وزیراعظم کے۔ پی۔ شرما اولی نے ملک میں جاری زبردست حکومت مخالف احتجاج کے پیشِ نظر منگل کو استعفیٰ دے دیا۔ اسی دوران مظاہرین نے صدر رام چندر پاؤڈیل سمیت کئی اعلیٰ سیاسی رہنماؤں کے نجی مکانات پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی۔
طلبہ کی قیادت میں ہونے والے ان مظاہروں میں عوام کے بڑھتے غصے کی جھلک نظر آئی، جس کی کئی وجوہات تھیں، جن میں سوشل میڈیا پر پابندی اور مبینہ بدعنوانی جیسے مسائل شامل ہیں۔ مظاہرین کرفیو اور سکیورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی کے باوجود کھٹمنڈو اور دیگر مقامات پر جمع ہوئے۔
حکام کے مطابق پیر کو احتجاج کے دوران پولیس کارروائی میں کم از کم 19 افراد کی ہلاکت کے بعد، جب سیکڑوں مظاہرین اولی کے دفتر میں گھس گئے اور ان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگے، تو اولی نے فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیا۔
انہوں نے اپنے استعفیٰ نامے میں صدر پاؤڈیل کو لکھا کہ نیپال اس وقت "غیر معمولی حالات" کا سامنا کر رہا ہے اور وہ موجودہ صورتحال کے "آئینی اور سیاسی" حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے منصب چھوڑ رہے ہیں۔  حکام نے بتایا کہ سکیورٹی کی خراب صورتحال کے باعث کھٹمنڈو کے تری بھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
اگرچہ نیپال حکومت نے ’جنریشن زی‘ نوجوانوں کی قیادت میں ہوئے احتجاج کے بعد پیر کی رات سوشل میڈیا ویب سائٹس پر عائد پابندی ہٹا دی، لیکن مظاہرین نے بدعنوانی کے خلاف اور 19 افراد کی ہلاکت کی جوابدہی کے مطالبے کو لے کر اپنا احتجاج جاری رکھا۔
’جنریشن زی‘ وہ نوجوان ہیں جن کی پیدائش 1997 سے 2012 کے درمیان ہوئی۔
اولی کے استعفے سے چند گھنٹے قبل، مظاہرین نے بالکوٹ میں واقع ان کے نجی مکان کو آگ لگا دی اور سابق وزیراعظم پشپ کمل دہال ’پرچنڈ‘، اطلاعات کے وزیر پرتھوی سبا گرونگ، سابق وزیر داخلہ رمیش لیکھک وغیرہ کے گھروں پر بھی حملہ کیا۔
مظاہرین نے صدر پاؤڈیل کی رہائش گاہ پر بھی حملہ کیا۔
جنریشن زی‘ کے بینر تلے مظاہرین نے دارالحکومت کے مختلف حصوں میں ’’کے پی چور، دیش چھوڑو‘‘ اور ’’بدعنوان رہنماؤں کے خلاف کارروائی کرو‘‘ جیسے نعرے لگائے۔ حکام کے مطابق مظاہرین نے کھٹمنڈو کے نایاکاپ میں واقع سابق وزیر داخلہ رمیش لیکھک کی رہائش کو بھی آگ لگا دی۔ یہ واقعہ ان کے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد پیش آیا۔
کھٹمنڈو کے کلنکی، کالی ماٹی، تہچل اور بنیشور کے علاوہ للیت پور ضلع کے چیا سل، چاپاگاؤں اور تھےچو علاقوں میں بھی مظاہروں کی خبریں ہیں۔ مظاہرین نے عوامی اجتماع پر عائد پابندیوں کو توڑتے ہوئے ’’طلبہ کو مت مارو‘‘ جیسے نعرے لگائے۔ مظاہرین میں زیادہ تر طلبہ شامل تھے۔
کلنکی میں مظاہرین نے سڑکیں بند کرنے کے لیے ٹائر جلائے۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے للیت پور ضلع کے سونا کوٹھی میں واقع وزیر اطلاعات پرتھوی سبا گرونگ کے مکان پر بھی پتھراؤ کیا۔ گرونگ نے ہی سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا۔
انہوں نے کھٹمنڈو کے بوڑھا نیل کنٹھ میں واقع سابق وزیراعظم شیر بہادر دیوبا کے گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ ’جنریشن زی‘ گروپ جو پچھلے کچھ وقت سے بدعنوانی کے خلاف مہم چلا رہا ہے، نے ریڈٹ اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرکے ’’وزیروں اور دیگر بااثر شخصیات کے بچوں کی فضول خرچ طرزِ زندگی‘‘ کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کرکے اس دولت کے ذرائع پر سوال اٹھائے ہیں، جس سے ایسی آسائش حاصل ہوئی جو مبینہ طور پر بدعنوان ذرائع سے آئی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پابندی اظہارِ رائے کی آزادی کو دبانے کی کوشش تھی۔
نیپال حکومت نے فیس بک اور ’ایکس‘ سمیت 26 سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی عائد کر دی تھی کیونکہ وہ رجسٹرڈ نہیں تھیں۔ تاہم پیر کی رات دیر گئے حکومت نے عوامی غصے کو کم کرنے کے لیے ان پابندیوں کو ہٹانے کا اعلان کیا۔
مظاہرین کے بنیادی مطالبات میں وزیراعظم اولی کا استعفیٰ، قومی حکومت کا قیام اور بدعنوان رہنماؤں کے خلاف سخت کارروائی شامل ہیں۔ سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس میں نئی حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔ ’جنریشن زی‘ کارکنوں کے مطابق ان کے دیگر مطالبات میں اظہارِ رائے کی آزادی کی ضمانت اور سیاسی عہدوں پر فائز افراد کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر مقرر کرنا شامل ہے۔
اس سے پہلے دن میں، نیپالی کانگریس کے جنرل سکریٹری گگن تھاپا نے وزیراعظم اولی سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وزیراعظم اولی کو موجودہ صورتحال کی ذمہ داری لیتے ہوئے فوراً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ نیپالی کانگریس کے سینئر رہنما بملیند نِدھی اور ارجن نر سنگھ کے سی نے تجویز دی ہے کہ پارٹی کو اولی کی قیادت والی حکومت سے اپنے تمام وزیروں کو واپس بلا لینا چاہیے، خود حکومت بنانی چاہیے اور احتجاج کرنے والے ’جنریشن زی‘ گروپ کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔
نِدھی نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ سے گفتگو میں کہا کہ پارلیمنٹ میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے نیپالی کانگریس کو اس مشکل وقت میں جمہوریت اور آئین کی حفاظت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’نیپالی کانگریس کو اولی کی قیادت والی حکومت سے حمایت واپس لینا چاہیے اور قومی حکومت بنانے کے عمل کا آغاز کرنا چاہیے۔
کے سی نے یہ بھی کہا کہ نیپالی کانگریس کو حکومت سے الگ ہو جانا چاہیے اور ایک ہمہ جماعتی حکومت بنانے کا عمل شروع کرنا چاہیے۔