کٹھمنڈو/ آواز دی وائس
نیپال میں نوجوانوں، خاص طور پر جنریشن زی کی قیادت میں ہوئے پُرتشدد احتجاج میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51 تک پہنچ گئی ہے۔ نیپال پولیس کے مرکزی ترجمان اور ڈی آئی جی بِنود گھِمِرے نے تصدیق کی کہ مرنے والوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی کو عبوری وزیرِاعظم کے طور پر حلف دلانے کی تیاری جاری ہے۔ جمعہ دوپہر تک ان کی تقرری کی رسمی کارروائی مکمل ہو سکتی ہے، جسے بڑھتے عوامی غصے کے درمیان ایک بڑا سیاسی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ نیپال میں جین ذی کی تحریک کے بعد وزیرِاعظم کے پی شرما اولی سمیت کئی وزراء نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نوجوانوں نے بدعنوانی اور کُشاسن کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کیا تھا۔
عبوری حکومت کی تیاری
نیپال کے صدارتی دفتر ’شیٹل نِواس‘ نے اپنے عملے کو نئے عبوری وزیرِاعظم کے استقبال کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران کو بھی اسی طرح کے احکامات دیے گئے ہیں، جن میں انہیں کہا گیا ہے کہ جیسے ہی سیاسی اتفاقِ رائے قائم ہو اور عبوری حکومت کی قیادت سشیلا کارکی کو سونپنے پر رسمی منظوری دی جائے، وہ متعلقہ انتظامات فوراً شروع کر دیں۔
سشیلا کارکی ایک مایہ ناز قانون داں اور نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔ ان کی پہچان ایک غیر جانبدار شخصیت کے طور پر ہے، جو اس غیر مستحکم دور میں اعتبار اور استحکام بحال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ کئی دنوں کی سیاسی اتھل پتھل کے بعد عوام کے ایک بڑے طبقے نے مطالبہ کیا ہے کہ عبوری حکومت کی قیادت سشیلا کارکی کے سپرد کی جائے۔
اس سے پہلے نیپال الیکٹرسٹی اتھارٹی کے سابق سربراہ کُلمان گھِسنگ کو بھی ممکنہ امیدوار مانا جا رہا تھا۔ گھِسنگ کو بجلی کی کمی کو دور کرنے اور بڑے پیمانے پر اصلاحات کے لیے سراہا جاتا ہے۔ یہ سیاسی تبدیلی پیر سے پورے ملک میں جاری بدعنوانی مخالف بڑے احتجاج کے بیچ آ رہی ہے۔
نیپال میں پھیلی حالیہ بدامنی اور جین زی کی تحریک دراصل سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کے حکومت کے فیصلے کا نتیجہ ہے۔ نوجوانوں نے اسے اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف زبردست احتجاج شروع کر دیا۔