سنجار ساتھی ایپ سے نہ جاسوسی ممکن ہے اور نہ ہی ہوگی: جیوتی رادتیہ سندھیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-12-2025
سنجار ساتھی ایپ سے نہ جاسوسی ممکن ہے اور نہ ہی ہوگی: جیوتی رادتیہ سندھیا
سنجار ساتھی ایپ سے نہ جاسوسی ممکن ہے اور نہ ہی ہوگی: جیوتی رادتیہ سندھیا

 



نئی دہلی: مرکزی وزیرِ مواصلات جیوتی رادتیہ سندھیا نے بدھ کو کہا کہ "سنجار ساتھی" ایپ کے ذریعے نہ تو جاسوسی (سنوپنگ) ممکن ہے اور نہ ہی مستقبل میں ہوگی۔ سندھیا لوک سبھا میں سوالیہ وقفہ کے دوران اس تنازع پر وضاحت دے رہے تھے جو حکومت کے اس حکم کے بعد شروع ہوا کہ تمام نئے موبائل آلات میں سائبر سکیورٹی کے تحت اس ایپ کو پری لوڈ کرنا لازم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ "سنجار ساتھی" ایپ کے ذریعے نہ جاسوسی ممکن ہے، نہ ہی کی جائے گی۔ سندھیا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت عوام کو بااختیار بنانا چاہتی ہے تاکہ وہ خود اپنی حفاظت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مثبت ردِعمل کی بنیاد پر یہ تجربہ کیا گیا ہے اور مستقبل میں عوام کی رائے کے مطابق اس میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ وزیرِ مواصلات نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا اس معاملے میں کوئی "ہٹ دھرمی" کا رویہ نہیں ہے۔

مواصلات وزارت کے 28 نومبر کے حکم میں تمام موبائل ساز کار کمپنیوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ ہر نئے ہینڈسیٹ میں "سنجار ساتھی" ایپ لازمی طور پر پہلے سے انسٹال ہو، اور موجودہ موبائل فونز میں اسے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے شامل کیا جائے۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا۔

منگل کو کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر اپوزیشن ارکان نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو یہ حق ہونا چاہیے کہ وہ حکومت کی نگرانی کے بغیر نجی پیغامات بھیج سکیں۔ اس پر وضاحت دیتے ہوئے سندھیا نے منگل کو پارلیمنٹ احاطے میں کہا تھا کہ یہ ایپ دوسرے ایپس کی طرح موبائل سے حذف بھی کی جا سکتی ہے۔

بدھ کو کانگریس رکنِ پارلیمنٹ دیپندر ہُڈّا کے ضمنی سوال کے جواب میں سندھیا نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور آن لائن دھوکہ دہی سے شہریوں کو بچانے کے خیال سے 2023 میں "سنجار ساتھی" پورٹل شروع کیا گیا تھا اور 2025 میں اس کے لیے ایپ کا تجربہ شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کا مقصد عوامی شمولیت کے ذریعے سائبر فراڈ سے شہریوں کو بچانا اور موبائل چوری کے واقعات کو کم کرنا ہے۔

سندھیا نے کہا کہ پورٹل پر عوام کی مثبت رائے کے بعد ہی حکومت نے یہ قدم بڑھایا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پورٹل کی مدد سے لاکھوں چوری شدہ موبائل فونز کا پتہ لگایا گیا اور چھ لاکھ فراڈ کے معاملات کو روکا گیا۔ سندھیا نے واضح کیا کہ "سنجار ساتھی" ایپ شہریوں کو ایک آپشن فراہم کرتی ہے اور جب تک وہ اس پر رجسٹر نہ کریں، یہ ان کے موبائل میں کوئی کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا:پورا اختیار شہری کا ہے۔ ہم نے صرف یہ ایپ سب کو دستیاب کرانے کا قدم اٹھایا ہے۔