کئی ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے پر بات چیت جاری ہے: گوئل

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-09-2025
کئی ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے پر بات چیت جاری ہے: گوئل
کئی ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے پر بات چیت جاری ہے: گوئل

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے پیر کو کہا کہ ہندوستان آزاد تجارتی معاہدوں کے لیے امریکہ، نیوزی لینڈ، عمان، پیرو، چلی اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر اور بحرین بھی ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت کرنے کے خواہشمند ہیں۔ گوئل نے بتایا کہ اگست میں ہندوستان اور یوریشیائی اکنامک یونین  نے آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت شروع کرنے کے لیے قواعد و شرائط پر دستخط کیے تھے۔ ای اے ای یو میں آرمینیا، بیلاروس، قازقستان، کرغیز جمہوریہ اور روس شامل ہیں۔
وزیر نے گریٹر نوئیڈا میں اتر پردیش انٹرنیشنل ٹریڈ ایکسپو میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ (تجارتی معاہدے کے لیے) مذاکرات چل رہے ہیں۔ یورپی یونین، نیوزی لینڈ، عمان، پیرو اور چلی کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے، گوئل نے نیو یارک میں تجارتی مذاکرات کے لیے ایک سرکاری وفد کی قیادت کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد، ہندوستان اور امریکہ نے باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تجارتی معاہدے کو جلد مکمل کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دونوں فریقوں نے تجارتی معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر تعمیری نشستیں کیں۔ اس دورے کے دوران انہوں نے امریکہ کے تجارتی نمائندے  جیمیسن گریر اور ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔