دفاعی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت:راجناتھ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
دفاعی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت:راجناتھ
دفاعی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت:راجناتھ

 

 

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ تنوع سے بھرے ہمارے ملک میں سیاحت کے لیے بے پناہ امکانات ہیں اور ہمیں ثقافتی سیاحت کے ساتھ ساتھ خاص طور پر دفاعی سیاحت اور سرحدی علاقوں کے تنوع پر مبنی سیاحت کے امکانات کو بڑھانے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

جمعرات کو سرحدی سڑک آرگنائزیشن کے نئے پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان جیسے متنوع ملک میں سیاحت کے لیے بہت زیادہ امکانات ہیں، جس کا میرے خیال میں فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

ہمارے ملک میں زیارت گاہوں، تاریخی مقامات، پہاڑوں، جنگلات، صحراؤں، برف اور سمندر کا ایک شاندار امتزاج ہے۔ میں نے اسے ملک کے مختلف حصوں میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش، ایرو انڈیا شو یا اس سے ملتی جلتی تقریبات میں بہت قریب سے دیکھا ہے۔

میں چاہتا ہوں کہ ہم سوچیں، کیا ہم دفاعی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوئی منصوبہ بنا سکتے ہیں؟ وزیر دفاع نے کہا کہ ثقافتوں کا تحفظ ہماری اخلاقی اور آئینی ذمہ داری بھی ہے جسے ہم سیاحت کے ذریعے بخوبی پورا کر سکتے ہیں۔

سفر کے ذریعے ہندوستانیوں نے دور دراز کے ممالک میں اپنی ثقافت کا نشان چھوڑا۔ ہمیں اس روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ ماحولیاتی نقطہ نظر سے سیاحت کو فروغ دیا جائے، لیکن اس کے ساتھ ہمیں ثقافتی سیاحت کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سرحدی علاقوں میں اتنے ثقافتی تنوع کے باوجود ابھی تک اسے وہاں اتنی اہمیت حاصل نہیں ہوئی ہے۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ تنظیم سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ایک مضبوط ستون بنی ہوئی ہے۔ شروع میںصرف دو پراجیکٹس سے اب یہ بڑھ کر 18 پراجیکٹ ہو چکے ہیں۔ تنظیم نے 60,000 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں، 850 بڑے پل، 19 فضائی پٹی اور 04 سرنگیں تعمیر کی ہیں۔

تنظیم نے املنگ لا پاس پر دنیا کی سب سے اونچی سڑک بنا کر تعمیرات کے میدان میں ہندوستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا ہے۔

اٹل ٹنل کی تعمیر یقیناً کسی معجزے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں ترقی کے نئے مراکز ابھرے ہیں۔

شمال مشرقی جیسے خطے نہ صرف خود ترقی کر رہے ہیں بلکہ پورے ملک کی مجموعی ترقی کا نیا گیٹ وے بن رہے ہیں۔ سیاحت کی صنعت میں ترقی کے ساتھ سرحدی علاقے آج ترقی کی نئی داستان لکھ رہے ہیں۔

اٹل ٹنل کے افتتاح کے بعد اس خطے میں سیاحوں کی تعداد میں 6 گنا اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایک بہت بڑی انقلابی تبدیلی ہے۔ (ایجنسی)