نئی دہلی: وزیراعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل (EAC-PM) نے کہا ہے کہ ملک میں دیکھ بھال (کیئر) کے شعبے کے موجودہ نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے، کیونکہ 2050 تک اس شعبے میں 3 کروڑ سے زیادہ کارکنوں کی طلب ہو سکتی ہے۔
اپنی ایک رپورٹ میں کونسل نے اس شعبے کے لیے الگ فنڈ قائم کرنے، ہنرمند اور بہتر تنخواہ پانے والے کارکنوں کی تعداد بڑھانے، اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے فنڈز کو اس شعبے میں استعمال کرنے کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں “کیئرپرینیور فنڈ” قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے، جس کے ذریعے کیئر سیکٹر کے کاروباری افراد اور کوآپریٹو اداروں کو سستی مالی مدد فراہم کی جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ وزارت خزانہ کے تحت “فیملی سروس فنڈ” بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ مزید برآں، وزارت محنت و روزگار کو والدین کی رخصت (parental leave) میں مرحلہ وار اصلاحات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس میں نجی شعبے میں بااجرت پدری رخصت (paternity leave) سے آغاز کر کے متوازن پیرنٹل لیو پالیسی نافذ کرنے کی تجویز شامل ہے۔
مشاورتی کونسل کے مطابق اس شعبے میں سرمایہ کاری سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، خاندانوں پر دیکھ بھال کا بوجھ کم ہوگا اور یہ ذمہ داری حکومت اور بازار کے درمیان تقسیم ہو سکے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بزرگ آبادی میں اضافہ، شرح پیدائش میں کمی اور تیز رفتار شہری کرن کے باعث روایتی خاندانی ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے، جس سے دیکھ بھال کی خدمات کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔