نئی دہلی: ہندوستانی حکام نے کہا ہے کہ جس ہندوستانی کمپنی کا نام یوکرین کو فراہم کیے جانے والے توپ خانے کے گولوں کے لیے ایسٹونیا کو سپلائی کے مبینہ معاہدے سے جوڑا جا رہا ہے، اس کے وزارت دفاع یا ہندوستانی مسلح افواج کے ساتھ کوئی کاروباری معاملات نہیں ہیں۔ یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی ہے جب کمپنی کو ایسٹونیا میں مبینہ گولہ بارود کی خریداری کے تنازع سے جوڑا گیا ہے۔
اس تنازع کے نتیجے میں ایسٹونیا کے سابق وزیر دفاع ہانو پیوکور نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ کمپنی کو ہندوستانی مسلح افواج کی جانب سے کسی قسم کا سپلائی آرڈر نہیں ملا ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ کمپنی کی ویب سائٹ پر کیے گئے دعوے کے مطابق ممکن ہے کہ اس نے ریاستی پولیس فورسز کو سامان فراہم کیا ہو۔
وزارت دفاع کے حکام نے اے این آئی کو بتایا، ’’نیکو ڈیفنس کا ہماری مسلح افواج کے ساتھ کوئی کاروباری تعلق یا سپلائی آرڈر نہیں ہے، تاہم کمپنی کی ویب سائٹ پر کیے گئے دعوے کے مطابق اس نے ریاستی پولیس کو سامان فراہم کیا ہو سکتا ہے۔‘‘ حکام نے مزید کہا کہ کمپنی کا وزارت دفاع (ایم او ڈی) کے ساتھ بھی کوئی تعلق یا کاروباری لین دین نہیں ہے۔ نیکو ڈیفنس ناگپور میں قائم کمپنیوں کے ایک گروپ کا حصہ ہے، جو اسٹیل مینوفیکچرنگ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ کمپنی نے حال ہی میں ڈیٹا سیل نامی اٹلی کی ایک چھوٹی کمپنی حاصل کی ہے، جو چھوٹے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی تیاری سے وابستہ ہے۔
حکام کے مطابق اس کمپنی کی رومانیہ میں بھی ایک مینوفیکچرنگ فیکٹری ہے، جس کے پاس توپ خانے کے گولے تیار کرنے اور انہیں ایسٹونیا کو فراہم کرنے کا معاہدہ ہے۔ بعد میں یہ گولے یوکرین بھیجے جانے تھے۔ ہانو پیوکور نے 2 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کے مبینہ معاہدے پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
یہ تنازع یورپی یونین کے فنڈز کے ذریعے مبینہ طور پر ایسی کمپنیوں سے توپ خانے کے گولے خریدنے کے معاملے پر مرکوز تھا، جن کے پاس اس نوعیت کے ہتھیار تیار کرنے کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں تھا۔ اس سے قبل یورونیوز نے ایسٹونیا کے سرکاری نشریاتی ادارے ای آر آر کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایسٹونیا کی حکومت نے 2024 میں یوکرین کے لیے توپ خانے کے گولے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس خریداری کے لیے یورپی یونین کے یورپی پیس فیسلیٹی سے 7 کروڑ یورو پیشگی ادا کیے گئے تھے۔