نئی دہلی: قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار کے انتخاب کی ذمہ داری وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو سونپ دی گئی ہے۔ جمعرات 7 اگست 2025 کو این ڈی اے رہنماؤں کی میٹنگ میں یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا، جس کے تحت دونوں رہنماؤں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اتحاد کی جانب سے موزوں امیدوار کے نام کا تعین کریں۔
اسی دوران الیکشن کمیشن نے نائب صدر کے انتخاب کی نوٹیفکیشن بھی آج جاری کر دی ہے۔ جاری شیڈول کے مطابق، نامزدگی کا عمل 21 اگست تک جاری رہے گا، اور اگر ایک سے زائد امیدوار میدان میں ہوں گے تو 9 ستمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ حالانکہ این ڈی اے کی میٹنگ میں فی الحال کسی ممکنہ نام پر بحث نہیں ہوئی، لیکن یہ امید کی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم اور بی جے پی صدر جلد ہی امیدوار کے نام کا اعلان کر کے این ڈی اے رہنماؤں کو آگاہ کریں گے۔
دوسری طرف اپوزیشن کے انڈیا اتحاد میں بھی نائب صدر کے انتخاب کو لے کر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر جمعرات (7 اگست) کو ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ ملاقات غیر رسمی ہے، لیکن جب انڈیا اتحاد کے تمام بڑے رہنما ایک جگہ اکٹھا ہو رہے ہیں تو یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نائب صدر کے ممکنہ امیدوار پر بھی گفتگو ہوگی۔
نائب صدر کے امیدوار کو لے کر انڈیا اتحاد میں دو مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ ایک رائے یہ ہے کہ امیدوار اتارا جائے تاکہ این ڈی اے کے امیدوار کو واک اوور نہ ملے۔ دوسری رائے یہ ہے کہ امیدوار صرف اسی صورت میں میدان میں اتارا جائے جب اس بات کا اندازہ ہو جائے کہ انڈیا اتحاد کا امیدوار این ڈی اے کے امیدوار کو سخت مقابلہ دے سکتا ہے۔
فی الحال دونوں اتحادوں میں نائب صدر کے امیدوار اور اس کے نام کو لے کر غور و خوض جاری ہے۔ جلد ہی یہ واضح ہو جائے گا کہ کیا ملک کا اگلا نائب صدر بلا مقابلہ منتخب ہوگا یا پھر 9 ستمبر کو ووٹنگ کے بعد تصویر سامنے آئے گی۔