سکم / آواز دی وائس
شمال مشرقی ریاست سکم میں ایک بار پھر قدرت کا قہر دیکھنے کو ملا ہے۔ سکم کے مغربی یاگسانگ علاقے میں بدھ کی دیر رات لینڈ سلائیڈ ہوا۔ اس لینڈ سلائیڈ میں چار لوگوں کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور تین افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ اس لینڈ سلائیڈ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
لینڈ سلائیڈ کے فوراً بعد پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے درخت کی لکڑیوں سے ایک عارضی پل بنایا اور دو خواتین کو ریسکیو کیا، لیکن اسپتال پہنچتے پہنچتے ایک خاتون کی موت ہو گئی جبکہ دوسری کو شدید زخمی بتایا جا رہا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سکم میں موسم کا ایسا قہر دیکھنے کو ملا ہو۔ گزشتہ چند برسوں سے لگاتار انہی مہینوں میں سکم میں بھاری تباہی دیکھنے کو ملتی رہی ہے۔ کبھی بادل پھٹنے تو کبھی گلیشیئر ٹوٹنے کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔
موسمی ماہرین کیا کہتے ہیں؟
سال 2023 میں بھی سکم کے لاچین میں زبردست تباہی دیکھنے کو ملی تھی، گلیشیئر ٹوٹنے کی وجہ سے کئی سیاح وہاں پھنس گئے تھے اور جوانوں کی موت بھی ہوئی تھی۔ کچھ مہینے پہلے جنسَتّا نے سکم کو لے کر ہی محکمہ موسمیات کے ماہر ڈاکٹر گوپی ناتھ سے خاص بات چیت کی تھی۔ ان سے سمجھنے کی کوشش کی گئی تھی کہ آخر سکم میں یہ سب کیوں ہو رہا ہے؟ بارش تو دوسری جگہوں پر بھی ہوتی ہے، کبھی کم کبھی زیادہ، لیکن ایسی تباہی کیوں دیکھنے کو ملتی ہے؟
ڈاکٹر گوپی ناتھ کے مطابق صرف ایک دن میں زیادہ بارش ہونے سے لینڈ سلائیڈ کی صورتحال نہیں بنتی اور نہ ہی اس کو براہ راست ایسی قدرتی آفت کا ذمہ دار مانا جا سکتا ہے۔ وہ زور دے کر کہتے ہیں کہ اگر تین سے چار سینٹی میٹر بارش لگاتار ہوتی رہے تو اس کا مجموعی اثر زیادہ نقصان دہ ہو سکتا ہے اور تباہی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔