ملک کی سلامتی اور بھائی چارہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری۔ دیوان سید زین العابدین علی خان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2026
ملک کی سلامتی اور بھائی چارہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری۔ دیوان سید زین العابدین علی خان
ملک کی سلامتی اور بھائی چارہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری۔ دیوان سید زین العابدین علی خان

 



اجمیر: وطن سے محبت۔ قومی یکجہتی۔ امن اور انسانیت ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں۔  ہندوستان کی اصل طاقت اس کی گنگا جمنی تہذیب۔ مذہبی ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارے میں پوشیدہ ہے۔

ان تاثرات کا اظہار دیوان سید زین العابدین علی خان،وراثتی سجادہ نشین اور روحانی سربراہ،درگاہ خواجہ صاحب اجمیر نے کیا

وہ اجمیر شریف میں “میرا ملک میری پہچان” کے عنوان سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد۔ سماجی کارکنان۔ دانشوروں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام میں ملک میں امن۔ بھائی چارے اور انسانیت کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔

اپنے خطاب میں دیوان سید زین العابدین علی خان نے کہا کہ “میرا ملک میری پہچان” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری اور قومی شناخت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مختلف مذاہب۔ زبانوں اور ثقافتوں کا حسین گلدستہ ہے اور اسی تنوع میں اس کی اصل خوبصورتی اور طاقت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام سمیت تمام مذاہب انسانیت۔ محبت اور امن کی تعلیم دیتے ہیں اور کوئی بھی مذہب نفرت۔ تشدد یا انتہا پسندی کی اجازت نہیں دیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت امن اور باہمی احترام کی ہے۔

دیوان سید زین العابدین علی خان نے “جہاد” کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اصل جہاد اپنے آپ کو بہتر انسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اچھی تعلیم دینا۔ نوجوانوں کو اخلاق اور انسانیت کی راہ پر چلانا۔ معاشرے میں امن قائم کرنا اور نفرت کو ختم کرنا ہی حقیقی جہاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہب تلوار یا طاقت سے نہیں بلکہ اچھے اخلاق اور کردار سے پہچانا جاتا ہے۔ انسانیت سب سے بڑا مذہب ہے اور ہر انسان کو ایک دوسرے کے عقیدے اور جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نفرت کے بجائے محبت کو فروغ دیں اور ہندوستان کی یکجہتی۔ بھائی چارے اور مشترکہ تہذیب کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کو ہمیشہ امن۔ خوشحالی اور اتحاد سے نوازے۔