قومی علامت تنازع :عمر عبداللہ حضرت بل پہنچے،بی جے پی کی تنقید

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2025
قومی علامت تنازع :عمر عبداللہ حضرت بل پہنچے،بی جے پی کی تنقید
قومی علامت تنازع :عمر عبداللہ حضرت بل پہنچے،بی جے پی کی تنقید

 



سری نگر: سری نگر میں واقع حضرت بل مسجد کے اندر ایک تختی پر قومی نشان (اشوک ستون) نصب کیے جانے کے تنازع کے درمیان، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ہفتہ کو عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اس عبادت گاہ میں پہنچے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے عوام کے لیے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کی دعا کی۔

ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے مسجد میں مغرب (شام کی) نماز ادا کی۔ حضرت بل میں درگاہ اور مسجد دونوں واقع ہیں اور یہاں حضرت محمد ﷺ کے مقدس تبرکات رکھے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ نماز کے بعد انہوں نے دیگر زائرین کے ساتھ ان تبرکات کی زیارت کی۔

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور زڈی بل کے ایم ایل اے تنویر صادق نے بھی وہاں نماز ادا کی۔ وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے عوام کی خوشحالی، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے عوام کو عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد دی اور ان سے گزارش کی کہ وہ انسانیت، ہمدردی اور خدمت کے اصولوں پر مبنی نبی اکرم ﷺ کی عظیم تعلیمات پر عمل کریں۔ سری نگر کی مشہور حضرت بل مسجد میں تختی پر قومی علامت (اشوک ستون) نصب کیے جانے سے بڑا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ اس سے مقامی رہنماؤں اور نمازیوں میں ناراضگی پھیل گئی، اور نامعلوم افراد نے اس تختی کو نقصان پہنچایا۔

اسی دوران، حضرت محمد ﷺ کے یومِ ولادت، عید میلاد النبیؐ، ہفتہ کو پورے جموں و کشمیر میں منائی گئی۔ ایک افسر نے بتایا کہ اس موقع پر ہزاروں زائرین سری نگر واقع حضرت بل کے مذہبی مقام پر جمع ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ نماز کے بعد تبرکات کی زیارت ان کے محافظ کی جانب سے کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ نے زائرین کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے تھے۔

افسر نے بتایا کہ اس موقع پر حضرت بل درگاہ اور دیگر کئی مساجد کو سجایا گیا تھا۔ دوسری طرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سری نگر کی حضرت بل مسجد میں قومی علامت نصب کیے جانے پر جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ، بھارت کی شناخت اور بہار کی وراثت کی توہین کرنے پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

وقف بورڈ کی جانب سے حضرت بل مسجد میں نصب تختی پر قومی نشان (اشوک ستون) کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ نشان صرف سرکاری امور کے لیے ہے، مذہبی اداروں کے لیے نہیں۔ وزیر اعلیٰ، جو اس وقت جنوبی کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے تھے، نے کہا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کو اس "غلطی" پر معافی مانگنی چاہیے جس سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

سری نگر کی مشہور حضرت بل مسجد میں تختی پر قومی نشان لگائے جانے سے بڑا تنازع پیدا ہو گیا تھا۔ اس سے مقامی رہنماؤں اور نمازیوں میں ناراضگی پھیل گئی، اور نامعلوم افراد نے اس تختی کو توڑ دیا۔ بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن سدھانشو ترویدی نے کہا کہ عمر عبداللہ نے اپنے بیان سے سارناتھ کے اشوک ستون کی نمائندگی کرنے والے قومی نشان کی "شدید توہین" کی ہے۔

انہوں نے کہا، "اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرنے کے بجائے، انڈیا (INDI) اتحاد کے رہنما اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اسے جائز قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔" بی جے پی کے قومی ترجمان نے الزام لگایا کہ قومی نشان پر لیڈروں کی رائے نے کانگریس اور اس کے اتحادیوں کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا، "وہ بھارت اور اس کے قومی فخر کی کسی بھی علامت پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔" ترویدی نے کہا کہ اشوک ستون قومی فخر اور بھارت کی شناخت کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بادشاہ اشوک بھارت کے عظیم ترین حکمرانوں میں سے ایک تھے اور بہار کے سپوت تھے۔ انہوں نے کہا، لہٰذا ہم انڈیا (INDI) اتحاد کے رہنماؤں، خاص طور پر راہل گاندھی اور تیجسوی یادو سے واضح جواب چاہتے ہیں۔ بھارت کی شناخت اور احترام کی علامت پر اس حملے کا دفاع کرنے پر آپ کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔