قومی یکجہتی ہندوستان کی اصل طاقت ہے: راجناتھ سنگھ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
قومی یکجہتی ہندوستان کی اصل طاقت ہے: راجناتھ سنگھ
قومی یکجہتی ہندوستان کی اصل طاقت ہے: راجناتھ سنگھ

 



نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہندوستانی بحریہ کی مشرقی نیول کمانڈ میں دو جدید ملٹی مشن اسٹیلتھ فریگیٹ آئی این ایس اُدے گری اور آئی این ایس ہِم گری — کو باضابطہ طور پر شامل کیا۔ ان جنگی بحری جہازوں کی شمولیت کی قیادت خود وزیر دفاع نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا۔ راج ناتھ سنگھ نے "آپریشن سندور" کے دوران ہندوستانی بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بحریہ کو پوری طرح سے جوابی کارروائی کا موقع ملتا، تو نتائج مزید مختلف اور شدید ہوتے، اور یہ بات پاکستان بھی جانتا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ جنگی جہازوں کی تعیناتی کے حوالے سے بحریہ کی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد انتہائی مؤثر رہا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ "آپریشن سندور" کے ذریعے ہندوستان نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی اور خودمختاری کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کبھی جنگ شروع کرنے میں یقین نہیں رکھتا، لیکن جب اس کی امن پسندی یا عام شہریوں پر حملہ ہوتا ہے تو وہ بھرپور، درست اور مؤثر جواب دینا جانتا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پہلگام میں نہتے شہریوں پر کیا گیا بزدلانہ حملہ ہندوستان کو اشتعال دلانے کی کوشش تھی، جہاں دہشت گردوں نے مذہب پوچھ کر معصوموں کو قتل کیا۔ لیکن ہندوستان نے بلا اشتعال، سوچ سمجھ کر اور حکمت کے ساتھ جواب دیا۔

انہوں نے کہا، "ہم نے 'آپریشن سندور' کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جڑ سے ختم کیا اور واضح پیغام دیا کہ ہندوستان کے امن کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔" راج ناتھ سنگھ نے اعادہ کیا کہ ہندوستان کبھی جارحانہ توسیع پسندی کی پالیسی پر عمل نہیں کرتا اور نہ ہی کسی ملک پر پہل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمارا مقصد طاقت کا مظاہرہ نہیں، بلکہ جب ہماری سلامتی پر حملہ ہوتا ہے، تو ہم پیچھے ہٹنا نہیں جانتے، بلکہ منہ توڑ جواب دینا ہماری اصل طاقت ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ بحران کے وقت اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے، اور یہی قومی یکجہتی، قربانی اور نظم و ضبط ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کا مشن ابھی ختم نہیں ہوا۔