نئی دہلی: سونیا گاندھی، راہل گاندھی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بنتا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کو دہلی کی ایک عدالت میں کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کانگریس کے سینئر رہنما سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر افراد کے خلاف ابتدائی نظر میں منی لانڈرنگ (رقم کی غیر قانونی منتقلی) کا مقدمہ بنتا ہے۔
ای ڈی نے یہ دلائل خصوصی جج وشال گوگنے کی عدالت میں پیش کیے، جہاں یہ طے کیا جا رہا تھا کہ آیا اس مقدمے کو باضابطہ طور پر سماعت کے لیے قبول کیا جائے یا نہیں۔ اسی دوران، عدالت نے ای ڈی کو ہدایت دی کہ وہ اپنا الزامی چالان (چارج شیٹ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سبرامنیم سوامی کو فراہم کرے، جن کی نجی شکایت پر ای ڈی نے یہ کیس درج کیا تھا۔
فی الحال، عدالت میں اس معاملے میں دلائل کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ سبرامنیم سوامی نے 26 جون 2014 کو ایک نجی شکایت داخل کی تھی، جس کا مجسٹریٹ عدالت نے نوٹس لیا تھا۔ اس کے بعد ای ڈی نے 2021 میں باقاعدہ تحقیقات شروع کیں، اور حال ہی میں اپنا الزامی چالان عدالت میں جمع کرایا ہے۔
یہ معاملہ کانگریس کے ملکیتی اخبار "نیشنل ہیرالڈ" سے جڑا ہے، جس میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کمپنی کی ملکیت کے حوالے سے کئی سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ وہ اس مقدمے میں مزید تفصیلات اور شواہد عدالت کے سامنے پیش کرے گی۔