مسلم خواتین پر توہین آمیز ریماکس کے معاملہ میں نرسمہانند کی ضمانت مسترد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-01-2022
مسلم خواتین پر توہین آمیز ریماکس کے معاملہ میں  نرسمہانند کی ضمانت مسترد
مسلم خواتین پر توہین آمیز ریماکس کے معاملہ میں نرسمہانند کی ضمانت مسترد

 


ہریدوار : اتراکھنڈ کی ایک عدالت (ہریدوار) نے مسلم خواتین کے بارے میں مبینہ طور پر قابل اعتراض اور توہین آمیز تبصرے کے معاملے میں درج مقدمے میں اتر پردیش کے شکتی شالی داسنا دیوی مندر کے سربراہ یتی نرسمہانند کی ضمانت سے انکار کر دیا ہے۔ مسلم خواتین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے معاملے میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ نرسمہانند نے سوشل میڈیا پر مسلم خواتین کے بارے میں قابل اعتراض/ تضحیک آمیز اور ناشائستہ تبصرہ کیا تھا۔ نرسمہانند کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 295اے اور 509 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹوئٹر اور یوٹیوب پر پوسٹ کیے گئے ان کے دو ویڈیوز میں نرسمہانند کو مسلم خواتین کے خلاف قابل اعتراض/قابل توہین آمیز ریمارکس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

نرسمہانند کو مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا کہ مسلمانوں نے ہر چیز پر قبضہ کر لیا ہے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے ہیں۔انہوں نے آر ایس ایس پر قبضہ کرلیا ہے اور ان کی خواتین اسلام کی خدمت کے لیے استعمال ہوتی ہیں اور وہ (خواتین) ان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔

۔اس معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد نرسمہانند کو 16 جنوری 2022 کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد ہریدوار کورٹ (چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، ہریدوار کی عدالت) میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ضمانت کی عرضی داخل کرتے وقت نرسمہانند نے عدالت کے سامنے عرض کیا کہ وہ بے قصور ہے اور اس کیس میں جھوٹا پھنسایا گیا ہے اور ایف آئی آر رپورٹ میں ان کے خلاف کوئی خاص الزام نہیں لگایا گیا ہے۔

درخواست میں یہ بھی دلیل دی گئی کہ ایف آئی آر میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کسی کمیونٹی کے خلاف کیا بیان دیا گیا اور مذکورہ بیانات سے کس کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہوئی اور درخواست گزار کے خلاف ریکارڈ پر کوئی ثبوت موجود نہیں اور چونکہ وہ شدید بیمار ہے، درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

عدالت کے حکم میں کے سی جے ایم مکیش آریہ نے استغاثہ کی طرف سے دائر دستاویزات اور ایف آئی آر کا جائزہ لیا اور اس کے بعد کہا کہ سی آر پی سی کی دفعہ 41 اے کا نوٹس پہلے جاری کیے جانے کے باوجود درخواست گزار سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی / ماحول کو خراب کرکے فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکا رہا ہے۔ علاقے میں سنگین جرائم کے ارتکاب کا قوی امکان ہے۔

 مزید یہ دیکھتے ہوئے کہ ملزم کے ذریعہ مبینہ طور پر کیا گیا جرم سنگین نوعیت کا ہے، سی جے ایم کی عدالت نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ اس کے خلاف سوشل میڈیا، ٹویٹر اور یوٹیوب پر مسلم خواتین کے خلاف قابل اعتراض/ توہین آمیز ریمارکس کرنے کا الزام ہے۔ اس پس منظر میں عدالت نے نرسمہانند کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔