نمو بھارت کا دہلی-میرٹھ کاریڈور پر کامیاب ٹرائل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2025
نمو بھارت کا دہلی-میرٹھ کاریڈور پر کامیاب ٹرائل
نمو بھارت کا دہلی-میرٹھ کاریڈور پر کامیاب ٹرائل

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
این سی آر ٹی سی (نیشنل کیپیٹل ریجن ٹرانسپورٹ کارپوریشن) نے پیر کے روز دہلی کے سرائے کالا خان سے لے کر میرٹھ کے موہدی پورم تک "نمو بھارت" ٹرین کے مکمل روٹ پر کامیابی کے ساتھ ٹرائل رن مکمل کر لیا۔ نمو بھارت ٹرین نے دہلی سے میرٹھ کے درمیان 82 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں طے کر لیا۔ این سی آر ٹی سی کے مطابق، اس ٹرائل کے دوران نہ صرف نمو بھارت ٹرینیں چلیں بلکہ میرٹھ میٹرو ٹرینیں بھی اس دوران آپریشن میں شامل رہیں، اور پورے سسٹم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹرینیں مقررہ ہر اسٹیشن پر رکیں اور این سی آر ٹی سی کی جانب سے طے کردہ وقت کے مطابق سفر مکمل کیا۔
۔160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی نمو بھارت ٹرین
این سی آر ٹی سی کے مطابق، یہ ٹرائل دہلی، غازی آباد اور میرٹھ کو جوڑنے والے ہندوستان کے پہلے نمو بھارت کاریڈور کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوا۔ اس دوران نمو بھارت ٹرینوں نے 82 کلومیٹر طویل سیکشن میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آپریشنل اسپیڈ حاصل کی۔ اس کاریڈور پر دنیا کے جدید ترین سگنلنگ نظام ای ٹی سی ایس لیول 3 ہائبرڈ کو ایل ٹی ای بیک بون پر نصب کیا گیا ہے، جو کہ دنیا میں پہلی بار استعمال ہوا ہے۔ یہ سسٹم ہر اسٹیشن پر نصب پلیٹ فارم اسکرین ڈورز (پی ایس ڈی) کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے۔ این سی آر ٹی سی کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب ٹرائل سسٹم کی مکمل تیاری کو ظاہر کرتا ہے اور پورے کاریڈور کی مکمل کمیشننگ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
دہلی-میرٹھ نمو بھارت ریپڈ ٹرین کاریڈور کا پہلا اسٹیشن دہلی کا جنگ پورہ ہے جبکہ آخری اسٹیشن میرٹھ کا موہدی پورم ڈپو ہے۔ یہ کاریڈور اب تک دو مرحلوں میں شروع کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اسے صاحب آباد سے میرٹھ ساؤتھ تک فعال کیا گیا تھا، اور دوسرے مرحلے میں دہلی کے علاقے میں انٹری دی گئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی کے نیو اشوک نگر سے صاحب آباد سیکشن کا افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ریلوے اور دہلی کا اہم ریلوے اسٹیشن "آنند وہار" بھی اسی کاریڈور میں شامل ہے۔