گوہاٹی: آسام کے وزیرِ اعلیٰ ہمنتا وشوا شرما نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ ریاست میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی (ایس آر) کے دوران لاکھوں ‘مشکوک ووٹروں’ کے نام حذف کر دیے گئے ہیں۔ شرما نے کہا کہ یہ نام ایس آر کے دوران بی جے پی کارکنوں کی شکایات کی بنیاد پر ہٹائے گئے۔
شرما کا یہ بیان الیکشن کمیشن کی جانب سے آسام کی حتمی ووٹر فہرست جاری کیے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ کمیشن نے مسودہ فہرست سے 2.43 لاکھ سے زائد نام حذف کیے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “یہ تو محض آغاز ہے۔
خصوصی گہری نظرِ ثانی کے دوران ایسے مزید افراد کے نام بھی فہرست سے نکالے جائیں گے۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھمکیوں اور دباؤ کے باوجود بی جے پی کارکنوں نے ‘مشکوک ووٹروں’ کے خلاف شکایات درج کرائیں۔ دعویٰ جات اور اعتراضات کے عمل کی تکمیل کے بعد منگل کو آسام کی حتمی ووٹر فہرست شائع کی گئی، جس میں مجموعی طور پر 2.49 کروڑ ووٹر شامل ہیں۔ یہ تعداد مسودہ فہرست کے مقابلے میں 0.97 فیصد کم ہے۔ شرما نے مزید کہا، غیر قانونی بنگلہ دیشی مسلم (مہاجرین) کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔