مرادآباد کے سرکٹ ہاؤس میں نماز ، ایف آئی آر درج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2026
مرادآباد کے سرکٹ ہاؤس میں نماز ، ایف آئی آر درج
مرادآباد کے سرکٹ ہاؤس میں نماز ، ایف آئی آر درج

 



مرادآباد (اتر پردیش): مرادآباد کے سرکٹ ہاؤس میں بغیر اجازت نماز ادا کرنے اور ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایک مقامی عہدیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد عثمان مرادآباد ضلع کے بلالری اسمبلی حلقے سے ایس پی کے رکن اسمبلی محمد فہیم عرفان کے رشتہ دار بھی ہیں۔

یہ معاملہ جمعہ کی رات سرکٹ ہاؤس کے انچارج جونیئر انجینئر (جے ای) انیل کمار کی شکایت پر مجھولا تھانے میں درج کیا گیا۔ احاطے میں عثمان کے نماز ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہندو تنظیموں نے پولیس افسران سے رابطہ کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شکایت کے مطابق عثمان نے اپنی گاڑی سرکٹ ہاؤس کے اندر جانے والے راستے پر کھڑی کرکے وہیں نماز ادا کی، جس سے مبینہ طور پر لوگوں کو پریشانی ہوئی اور ٹریفک متاثر ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ وہ آئندہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں سرکٹ ہاؤس میں سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں کی ایک میٹنگ میں بھی شامل ہوئے تھے۔ مرادآباد کے سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کمار رن وجے سنگھ نے کہا کہ سرکٹ ہاؤس کے انچارج نے شکایت کی تھی کہ انہیں ایک ویڈیو موصول ہوئی ہے، جس میں ایک شخص بغیر اجازت احاطے میں نماز ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ الزام بھی لگایا گیا کہ اس سرگرمی سے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔‘‘ سنگھ نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر بھارتیہ نیائے سنہتا کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔