ناگپور: انجمن گرلز ڈگری کالج میں انجمن ترقی اردو ہند شاخ جانب سے تقسیمِ کتب کی تقریب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2025
ناگپور: انجمن گرلز ڈگری کالج میں انجمن ترقی اردو ہند شاخ جانب سے تقسیمِ کتب کی تقریب
ناگپور: انجمن گرلز ڈگری کالج میں انجمن ترقی اردو ہند شاخ جانب سے تقسیمِ کتب کی تقریب

 



ناگپور: انجمن ترقی اردو ہند شاخ ناگپور کے تعاون سے انجمن گرلز ڈگری کالج میں تقسیمِ کتب کی ایک پُرمسرت اور باوقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد طالبات میں مطالعہ کے شوق اور تحریر کی عادت کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام کی صدارت کالج کی پرنسپل ڈاکٹر شاہدہ شیخ نے فرمائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن ترقی اردو ہند شاخ ناگپور کی سکریٹری ڈاکٹر اظہر حیات نے مطالعہ کتب کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طالبات کو لکھنے کی طرف مائل ہونے کی ترغیب دی۔ انہوں نے بتایا کہ انجمن ترقی اردو ہند کے ذمہ داران ہر وقت اردو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے سرگرم ہیں اور کتابوں و رسائل کی تقسیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈاکٹر اظہر حیات نے اعلان کیا کہ بہترین تبصرہ نگاری کرنے والی ایک طالبہ کو ایک سال کے لیے انجمن کی طرف سے اردو رسالہ کا مفت ممبر بنایا جائے گا۔
انجمن کے خازن جناب شیخ عبدالوحید نے طالبات کو تبصرہ نگاری کی باریکیاں سمجھائیں اور زبانِ اردو کی اہمیت پر جامع روشنی ڈالی۔ انجمن کے معزز رکن ڈاکٹر نصرت مینو نے بھی خطاب کرتے ہوئے طالبات کو اس پہل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ ان کے پُرمغز خطاب نے طالبات میں خاصا جوش پیدا کیا۔
ڈاکٹر اظہر حیات خطاب کرتے ہوئے

پروگرام کے اختتام پر پرنسپل ڈاکٹر شاہدہ شیخ نے خطبۂ صدارت پیش کرتے ہوئے انجمن ترقی اردو کی "کتاب پڑھو اور ادیب بنو" مہم کو قابلِ تحسین قرار دیا اور طالبات سے اس سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی۔
تقریب کی نظامت شعبۂ اردو کی صدر ڈاکٹر انجم آرا نے پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امسال کالج کا پروجیکٹ تبصرہ نگاری پر مبنی ہوگا۔ ڈاکٹر روحینہ سید نے ہدیۂ تشکر پیش کیا۔
آخر میں طالبات میں کتابیں اور رسائل تقسیم کیے گئے، جنہیں پاکر طالبات خوشی سے نہال دکھائی دیں۔ اس تقریب میں شعبہ اکنامکس کی صدر ڈاکٹر شمع خان، شعبہ انگریزی کی سربراہ شریمتی ممتا سمیت مختلف شعبوں کی اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ پروگرام خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔