پٹنہ: بہار میں ان دنوں ووٹر لسٹ کے گہرے تجدیدی جائزے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے SIR کے تحت ووٹر لسٹ کا پہلا ڈرافٹ کل (جمعہ کو) جاری کیا ہے۔ ووٹروں کو ایک مہینے کا وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ اس دوران اپنے نام سے متعلق کوئی دعویٰ یا اصلاح کروانا چاہیں تو کروا سکیں۔ SIR کے پہلے ڈرافٹ کو لے کر اب بہار کے قائد حزبِ اختلاف تیجسوی یادو نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس پہلے ڈرافٹ میں تو میرا نام بھی شامل نہیں ہے۔ جب میں نے اپنا نام چیک کرنے کی کوشش کی تو وہاں No Record Found کا پیغام آیا۔ اب جب ووٹر لسٹ میں میرا ہی نام نہیں ہے، تو میں الیکشن کیسے لڑوں گا؟ تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ کمیشن نے 65 لاکھ افراد کے نام ووٹر لسٹ سے نکال دیے ہیں۔ تو کیا کمیشن نے ان لوگوں کو کوئی نوٹس دیا؟ کیا انہیں وقت دیا گیا؟
اس ڈرافٹ کو دیکھ کر صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کمیشن ٹارگیٹڈ کام کر رہا ہے۔ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کمیشن شفافیت کیوں برقرار نہیں رکھ پا رہا؟ میرے ساتھ کام کرنے والے کئی اسٹاف ممبران کے نام بھی لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ تیجسوی یادو نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن بوٹھ لیول پر ڈیٹا جاری کرے۔ ابھی تک کمیشن نے یہ ڈیٹا اسمبلی حلقہ کی بنیاد پر جاری کیا ہے۔ جن 65 لاکھ لوگوں کے نام کاٹے گئے ہیں، ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ اس معاملے میں ازخود نوٹس لے اور الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کرے۔ یہ تو بالکل واضح ہے کہ اس عمل میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کو یہ بتانا چاہیے کہ کن وجوہات کی بنا پر لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے نکالے گئے ہیں۔
#WATCH | Patna, Bihar: "My name is not there in the electoral roll. How will I contest the elections?" asks RJD leader Tejashwi Yadav, as his EPIC number is unable to fetch his name in the electoral roll. pic.twitter.com/eF2VkeNIRw
— ANI (@ANI) August 2, 2025
الیکشن کمیشن نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کا نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہے۔ کمیشن نے ایک رائے دہی مرکز کی فہرست جاری کی ہے، جس میں تیجسوی یادو کا نام نمبر 416 پر ان کی تصویر کے ساتھ درج ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ہمارے نوٹس میں آیا ہے کہ تیجسوی یادو نے یہ بے بنیاد دعویٰ کیا ہے کہ ان کا نام ووٹر لسٹ کے ڈرافٹ میں شامل نہیں ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کا نام فہرست میں موجود ہے اور وہ سیریل نمبر 416 پر درج ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ آر جے ڈی رہنما کا یہ دعویٰ جھوٹا اور حقائق کے خلاف ہے۔ یہ بیان اس وقت آیا ہے جب تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ ووٹر لسٹ میں ان کا نام "نو ریکارڈ فاؤنڈ" دکھا رہا ہے اور اگر ایسا ہے تو وہ انتخاب کیسے لڑیں گے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ثبوت کے ساتھ اس دعوے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔