نئی دہلی/ آواز دی وائس
معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو گرفتار کر کے ان پر این ایس اے یعنی قومی سلامتی قانون لگا دیا گیا ہے۔ اس سخت کارروائی پر ان کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے الزام لگایا کہ ان کے شوہر کے ساتھ بلاوجہ ایک مجرم کی طرح سلوک کیا گیا۔ وہیں اس پورے معاملے میں اپوزیشن جماعتیں سونم وانگچک کے حق میں کھڑی نظر آئیں۔ کانگریس نے اسے حکومت کی جانب سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا، جبکہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے کارروائی کو لے کر راون اور کنس کا حوالہ دیا۔
قابل ذکر ہے کہ لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ اور آئینی تحفظ دینے کے مطالبے پر لہہ میں ہوئے پرتشدد مظاہروں کے دو دن بعد سونم وانگچک کو ان کے گاؤں اُلیاک ٹوپو سے گرفتار کیا گیا۔ ان مظاہروں میں چار افراد ہلاک جبکہ 59 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ ماحولیاتی کارکن کو جمعہ کے روز لداخ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی سنگھ جموال کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے گرفتار کیا۔
مرکزی وزارتِ داخلہ کا الزام
مرکزی وزارتِ داخلہ نے بدھ کے روز ہونے والے تشدد کے لیے وانگچک کو اشتعال انگیز بیانات دینے کا ذمہ دار ٹھہرایا، تاہم وانگچک نے اس الزام کو مسترد کر دیا۔ ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹِوز لداخ کی شریک بانی گیتانجلی انگمو نے اپنے شوہر کی حراست کی سخت مذمت کی اور حکومت پر ان کی شبیہ خراب کرنے کے لیے جھوٹا بیانیہ پھیلانے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان کے گھر میں توڑ پھوڑ کی اور وانگچک کو غلط طریقے سے ملک دشمن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
شہرت کو داغدار کرنے کا الزام
انگمو نے کہا کہ یہ جمہوریت کی سب سے بدترین شکل ہے… بغیر کسی سماعت اور بغیر کسی وجہ کے انہیں (سونم وانگچک کو) ایک مجرم کی طرح پکڑ لیا گیا۔‘‘ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر ان کے شوہر کی شہرت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی ایسے شخص کی شبیہ بگاڑنے کے لیے اس حد تک نہیں جانا چاہیے جو پچھلے پانچ سال سے پُرامن احتجاج کر رہا ہے، اور جس نے قومی وقار میں دوسروں سے زیادہ حصہ ڈالا ہے، چاہے وہ رولیکس ایوارڈز ہوں، یا زراعت و ماحولیات کے میدان میں کام ہو، یو این ڈی پی اور دنیا بھر میں ان کی خدمات ہوں۔
کانگریس کا ردعمل
وہیں کانگریس نے سونم وانگچک کی گرفتاری کی شدید مخالفت کی۔ اپوزیشن نے کہا کہ لہہ میں ہوئے پرتشدد مظاہروں کے دو دن بعد، جمعہ کو پریس کانفرنس سے قبل ہی سونم وانگچک کو گرفتار کر لیا گیا۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے وانگچک کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب لداخ میں قانون و نظم قائم رکھنے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی ناکامی سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا گیا ہے۔