مظفرنگرفسادات پرفیصلہ:8افراد کے قتل میں 37بری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2026
مظفرنگرفسادات پرفیصلہ:8افراد کے قتل میں 37بری
مظفرنگرفسادات پرفیصلہ:8افراد کے قتل میں 37بری

 



مظفرنگر: مظفر نگر فسادات کے دوران شاہپور تھانہ علاقے کے گاؤں کُٹبا میں 13 برس قبل ایک خاتون سمیت آٹھ افراد کے قتل، آتش زنی اور جان لیوا حملے کے مقدمے میں 37 ملزمان کو ثبوتوں کی عدم دستیابی کی بنیاد پر بری کر دیا گیا۔ جبکہ مقدمے کی سماعت کے دوران آٹھ ملزمان کا انتقال ہو چکا تھا۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، خصوصی پوکسو ایکٹ کورٹ نمبر اول کی جج منجولا بھالوٹیا نے سنایا۔

شاہپور تھانہ حلقے کے گاؤں کُٹبا میں 8 ستمبر 2013 کو یہ واردات پیش آئی تھی۔ مدعی عمران نے مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ صبح تقریباً نو بجے 110 سے زائد حملہ آور نعرے لگاتے ہوئے رائفل، بندوق، طمنچے، تلوار، تبل، بلکٹی، برچھے اور دیگر تیز دھار ہتھیاروں سے لیس ہو کر مسلم برادری کے گھروں پر حملہ آور ہوئے۔ گھروں کو نذرِ آتش کیا گیا، لوٹ مار کی گئی اور آٹھ افراد کو قتل کر دیا گیا۔

حملہ آوروں نے مسجد میں توڑ پھوڑ کی، گھروں، موٹر سائیکلوں، دکانوں اور جنریٹر کو آگ لگا دی۔ ایس آئی ٹی نے تفتیش کے بعد 45 افراد کو ملزم نامزد کرتے ہوئے چارج شیٹ داخل کی تھی۔ مختلف مقدمات کی مشترکہ سماعت کی گئی۔ دفاعی وکیل اجے سہراوت کے مطابق مقدمے کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (کورٹ نمبر اول) میں ہوئی، جہاں ثبوتوں کے فقدان کے باعث 37 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے 30 سے زائد گواہ پیش کیے گئے تھے۔

عدالت نے ثبوتوں کی عدم دستیابی کی بنیاد پر کنور پال، یوگیندر عرف جوگیندر، منوج، گلو، سونو، بھالو، نیرج، لو کمار، شوکی، بریش، پردیپ، کالو، پپو، نیتو، پپو، نیتو ولد برہم پال، گڈو، نریندر، جتیندر، بھیم، رام سنگھ، دیسا، چھوٹو، جولی، دیپک، کلو عرف مدن، سوم پال، نریندر، خجان، وکاس، ٹلی عرف کلو، دھیرج، پنٹو عرف بندو، منوج، راہل اور بیجندر کو بری قرار دیا۔ 8 ستمبر 2013 کے فسادات میں گاؤں کُٹبا میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں وحید، شمشاد، ارشاد، ترابو، قیوم، فیاض، خاتون اور مومن شامل تھے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران آٹھ ملزمان کا انتقال ہو گیا تھا، جن میں سونو، چنٹو عرف پنٹو، دھنّا، رام داس، چترا، دیپک، کالا اور دیویندر شامل ہیں۔