سول سروسز میں مسلمان کے تناسب میں کمی،جائز ہ لیا جائے :جماعت اسلامی ہند

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-06-2022
سول سروسز میں مسلمان کے تناسب  میں کمی،جائز ہ لیا جائے :جماعت اسلامی ہند
سول سروسز میں مسلمان کے تناسب میں کمی،جائز ہ لیا جائے :جماعت اسلامی ہند

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 مرکزی تعلیمی بورڈ، جماعت اسلامی ہند یو پی ایس سی 2021 میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتا ہے۔ مسرت کی بات یہ ہے کہ فائنل رینکنگ میں اول تین پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں میں طالبات ہیں جن کے نام شروتی شرما، انکیتا اگروال اور گامنی سنگلا ہے۔

یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ اب ملک کی بچیاں بھی تعلیم کے میدان میں اچھی پیش رفت کررہی ہیں اور ہمارا ملک خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کی طرف قدم بقدم آگے بڑھ رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس کمپٹیشن میں مجموعی طور پر685 طلباء نے کوالیفائی کیا ہے۔ ان میں فرسٹ رینک کی طالبہ شروتی شرما سمیت کامیاب ہونے والے 23 طلباء نے ریزیڈنشل کوچنگ اکیڈمی، جامعہ ملیہ اسلامیہ سے کوچنگ کی کلاسیں لی تھیں۔

اس سال جامعہ ملیہ اسلامیہ کا اس عظیم امتحان میں اس اعتبار سے دبدبہ رہا کہ کامیاب امیدواروں میں فرسٹ رینک حاصل کرنے والی طالبہ اسی کوچنگ سینٹر کی ہے۔

مرکزی تعلیمی بورڈ مذکورہ اکیڈمی اور اس طرح کی دیگر اکیڈمیوں کو بھی مبارکباد دیتا ہے۔

ان اکیڈمیوں نے بہت سے طلباء اور ان کے خاندانوں کے لئے خوشی کے اس لمحے کو ممکن بنایا ہے۔بورڈ توقع کرتا ہے کہ یہ طلباء اپنے ملک کی ترقی میں بہتر کردار ادا کریں گے اور آئندہ ہونے والے کمپٹیشن کے لئے تیاریوں میں مصروف طلباء کے لئے مشعل راہ بنیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ سال 2021 میں مجموعی 685 میں 24 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جو کہ تین فیصد سے تھوڑی زیادہ ہے۔

جب کہ سال 2020 میں مجموعی تعداد میں سے 31 مسلم امیدواروں نے 4٫07 فیصد حاصل کرکے سول سروسیز میں جگہ بنائی تھی جبکہ 2019 میں 42 مسلمانوں نے کامیابی حاصل کی تھی جو کہ مجموعی تعداد کا 5 فیصد تھا۔

اس طرح دیکھا جائے تو یہ ایک دہائی سے زائد عرصہ میں مسلم امیدواروں کی سول سروسیز میں سب سے مایوس کن کارکردگی ہے۔ بورڈ توقع کرتا ہے کہ آنے والے یو پی ایس سی امتحانات میں ان کی کارکردگی بہتر رہے گی۔

یہاں یہ ایک بات بھی قابل غور و فکر ہے کہ ادھر چند برسوں میں مسلمانوں کے درمیان یو پی ایس سی امتحانات میں حصہ لینے کا شوق بڑھا ہے اور تیاری کے لئے مختلف ادارے اور سینٹرس کام کررہے ہیں اور مسلمان ملک کی خدمت کے لئے زیادہ محنت کررہے ہیں۔

توقع رکھتے ہیں کہ مسلمانوں کو بھی ملک کی خدمت کا خاطر خواہ موقع ملے گا۔