مسلم رہنماؤں کی مرکزی وزرا سے ملاقات، نفرتی جرائم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-02-2026
مسلم رہنماؤں کی مرکزی وزرا سے ملاقات، نفرتی جرائم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
مسلم رہنماؤں کی مرکزی وزرا سے ملاقات، نفرتی جرائم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

 



 بنگلورو میں مسلم رہنماؤں اور دانشوروں کے ایک وفد نے ملک کے مختلف حصوں میں اقلیتوں کے خلاف بڑھتے نفرتی جرائم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وفد نے مرکزی وزیر برائے اسٹیل اور ہیوی انڈسٹریز ایچ ڈی کماراسوامی سے ملاقات کی اور بعض سیاسی شخصیات کی جانب سے ہراسانی اور اشتعال انگیز بیانات کے واقعات پر اپنی بات رکھی۔ وفد میں شامل سابق وزیر داخلہ آر روشن بیگ نے کہا کہ حکومت کو مجرموں اور ایسے عناصر کے خلاف عملی قدم اٹھانا چاہیے جو نفرت کو ہوا دیتے ہیں اور قانون کے مطابق ان سے نمٹا جانا چاہیے۔

وفد نے پیر کے روز وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھی ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ روشن بیگ کے مطابق یہ ملاقات انڈین مسلمز فار پروگریس اینڈ ریفارم دہلی کے زیر اہتمام ہوئی جس کی قیادت ایم جے خان نے کی۔ وفد نے اقلیتوں کو درپیش ہراسانی پر تشویش ظاہر کی اور سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے حکومت کے ساتھ ادارہ جاتی سطح پر مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔

روشن بیگ نے واضح کیا کہ فی الحال کرناٹک میں ایسی صورتحال نہیں ہے لیکن ملک کے کئی دوسرے حصوں میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے لیے حالات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار حلقوں کو نفرت پر مبنی کارروائیوں میں ملوث عناصر پر قابو پانا چاہیے۔

وفد میں سابق جج دفاعی ماہرین سینئر صحافی دانشور اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔ اراکین نے قانونی کارروائی ذمہ دارانہ عوامی گفتگو اور نفرتی جرائم کی مسلسل نگرانی پر زور دیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فرقہ وارانہ امن برقرار رکھنے کے لیے واضح جواب دہی کا مطالبہ کیا۔