مرشد آباد تشدد کیس: یو اے پی اے کے استعمال پر رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے: سپریم کورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-02-2026
مرشد آباد تشدد کیس: یو اے پی اے کے استعمال پر رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے: سپریم کورٹ
مرشد آباد تشدد کیس: یو اے پی اے کے استعمال پر رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے: سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو ہدایت دی ہے کہ وہ مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں پیش آنے والے متعدد تشدد اور بدامنی کے واقعات سے متعلق ایک معاملے میں انسدادِ دہشت گردی کے سخت قانون غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے اطلاق کا جواز واضح کرتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ میں مہر بند لفافے میں رپورٹ داخل کرے۔

مغربی بنگال حکومت کی اپیل نمٹاتے ہوئے چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ مرشد آباد تشدد معاملے میں این آئی اے کی جانچ کے خلاف اپنی شکایات کے ساتھ ہائی کورٹ سے رجوع کرے۔ عدالت نے کہا کہ کلکتہ ہائی کورٹ اس معاملے میں این آئی اے کی تحقیقات کا حکم دینے سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلے کو ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی چیلنج کی روشنی میں جانچ سکتی ہے۔

اس سے قبل 20 جنوری کو کلکتہ ہائی کورٹ نے مرشد آباد ضلع میں بار بار ہونے والے تشدد اور بدامنی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ چیف جسٹس سُجوی پال کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ریاستی حکومت مرکزی فورسز کی طلب کر سکتی ہے۔

ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ این آئی اے سے تحقیقات کرانے سے متعلق فیصلہ لینے سے پہلے مرکزی حکومت ریاستی حکومت کی رپورٹ کا جائزہ لے گی۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے 28 جنوری کو اس معاملے میں این آئی اے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ پڑوسی ریاستوں میں مہاجر مزدوروں پر مبینہ حملوں کے تناظر میں مرشد آباد کے بیلڈانگا علاقے میں ہونے والے تشدد کے بعد وہاں مرکزی فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں دو مفادِ عامہ کی عرضیاں بھی دائر کی گئی تھیں۔