ممبئی :نئے سال کے موقع پر خالصتانی حملے کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-12-2021
ممبئی :نئے سال کے موقع پر خالصتانی حملے کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری
ممبئی :نئے سال کے موقع پر خالصتانی حملے کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون بحران کے درمیان ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی ایک بار پھر دہشت گردوں کے سائے میں ہے۔

اس کے پیش نظر تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ یہ اطلاع ملی تھی کہ خالصتانی عناصر شہر میں دہشت گردانہ حملے کر سکتے ہیں، جس کے بعد ممبئی پولیس چوکس ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں اور ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ممبئی میں تعینات ہر پولیس اہلکار ڈیوٹی پر رہے گا۔سی ایس ایم ٹی، کرلا اور دیگر اسٹیشنوں پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کل 3000 سے زائد ریلوے افسران کو تعینات کیا جائے گا۔

 ریاستی وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ممبئی سمیت مہاراشٹر میں پولیس کا سخت انتظام کیا جائے گا۔ وہیں ممبئی میں کووڈ-19 کی تیسری لہر ممبئی میں نظر آنے لگی ہے۔

شہر میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کا اثر بھی بڑھ گیا ہے۔ جس کے بعد اب احتیاط کے طور پر ممبئی پولیس نے یہاں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اب یہاں چار لوگوں کا اکٹھا ہونا ممنوع ہے۔

ظاہر ہے اس بار ممبئی میں نئے سال کی تقریبات کا رنگ پھیکا پڑے گا۔ ممبئی میں دفعہ 144 7 جنوری تک نافذ رہے گی۔ اب نئے سال کے موقع پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی۔