نئی دہلی (پی ٹی آئی) دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کو 26/11 ممبئی حملے کے ملزم تہوّر حسین رانا کو اس ماہ اپنے بھائی سے تین فون کالز کرنے کی اجازت دے دی تاکہ نجی وکیل کی خدمات حاصل کرنے پر بات کر سکیں، خصوصی جج چندر جیت سنگھ نے رانا کی عدالتی حراست میں 8 ستمبر تک توسیع بھی کر دی۔ ملزم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیشی دی۔
ذرائع کے مطابق، ان کیمرہ کارروائی کے دوران جج نے کہا کہ رانا کی فون کالز ریکارڈ کی جائیں گی، بات چیت صرف انگریزی یا ہندی میں اور جیل حکام کی موجودگی میں ہو گی۔سرکاری وکیل پیوش سچدیوا نے فرد جرم اور ضمنی فرد جرم میں شامل کچھ دستاویزات کا جائزہ لینے کے لیے وقت طلب کیا۔رانا کو 26/11 حملے کے مرکزی سازش کار ڈیوڈ کولمین ہیڈلی عرف داؤد گیلانی، جو امریکی شہری ہے، کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔ انہیں امریکہ کی سپریم کورٹ کی جانب سے 4 اپریل کو بھارت حوالگی کے خلاف نظرثانی درخواست مسترد ہونے کے بعد بھارت لایا گیا۔
یاد رہے کہ 26 نومبر 2008 کو 10 پاکستانی دہشت گرد سمندری راستے سے بھارت کے مالیاتی دارالحکومت میں داخل ہوئے اور ریلوے اسٹیشن، دو لگژری ہوٹلوں اور ایک یہودی مرکز پر حملے کیے، جن میں 166 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ حملہ تقریباً 60 گھنٹے تک جاری رہا