مختارعباس نقوی کا وزرات سے استعفیٰ، نائب صدر کے امیدوار ہوسکتے ہیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 06-07-2022
مختارعباس نقوی کا وزرات سے استعفیٰ، نائب صدر کے امیدوار ہوسکتے ہیں
مختارعباس نقوی کا وزرات سے استعفیٰ، نائب صدر کے امیدوار ہوسکتے ہیں

 

 

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

انہوں نے آج ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کی راجیہ سبھا کی میعاد کل یعنی جمعرات کو ختم ہو رہی ہے۔

اس سے قبل کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعظم نے نقوی کے دور وزارت کی تعریف کی تھی۔ نقوی کو حال ہی میں ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی نے نامزد نہیں کیا تھا، تب سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پارٹی انہیں ایک بڑے رول میں لانا چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق انہیں این ڈی اے کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کا امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔ نقوی اب تک مرکزی حکومت میں وزیر رہے ہیں، ساتھ ہی وہ راجیہ سبھا میں بی جے پی کی پارلیمانی پارٹی کے ڈپٹی لیڈر بھی تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ کی میٹنگ میں اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی اور آر سی پی سنگھ کی بھی تعریف کی۔ ذرائع کے مطابق پی ایم مودی نے کہا کہ آپ نے ملک کی ترقی میں اپنا یوگدان دیا ہے۔

مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے بعد مختار عباس نقوی نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی۔ تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان کیا بات ہوئی اس بارے میں آفیشیل معلومات موصول نہیں ہو سکیں۔

جے ڈی یو کوٹے سے مرکزی حکومت میں وزیر آر سی پی سنگھ کو اس بار ان کی پارٹی نے راجیہ سبھا نہیں بھیجا، ان کی میعاد 7 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ وزیر آر سی پی سنگھ نے بھی جے ڈی یو کوٹہ سے استعفیٰ دے دیا۔ جمعرات کو آر سی پی سنگھ کا بطور راجیہ سبھا ایم پی آخری دن ہے۔