محمد رفیق چوہان : سماجی خدمت، تعلیم اور انصاف کے علمبردار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-12-2025
محمد رفیق چوہان :  سماجی خدمت، تعلیم اور انصاف کے علمبردار
محمد رفیق چوہان : سماجی خدمت، تعلیم اور انصاف کے علمبردار

 



فردوس خان /میوات
معاشرے میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی کامیابیاں صرف اُن کے خاندان کے لیے نہیں بلکہ پورے شہر اور صوبے کے لیے فخر کا باعث بنتی ہیں۔ ہریانہ کے کرنال کے ممتاز وکیل اور سماجی خدمت گزار محمد رفیق چوہان بھی اسی طرح کے ہمہ جہت شخصیت کے حامل ہیں۔ وہ صرف ایک تجربہ کار وکیل ہی نہیں، بلکہ ایک مخلص استاد اور سنجیدہ مصنف بھی ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور انصاف کے راستے کے لیے وقف کر دی۔
محمد رفیق چوہان کہتے ہیں کہ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے صرف قسمت کافی نہیں ہوتی، انسان کو خود بھی محنت کرنا پڑتی ہے۔ قسمت اور کوشش مل کر ہی کامیابی دیتی ہیں۔ جو صرف قسمت پر بھروسہ کرتا ہے وہ حقیقی کامیابی حاصل نہیں کر سکتا۔ میری زندگی اسی اصول کی مثال ہے۔
محمد رفیق چوہان کی پیدائش 22 اپریل 1954 کو ہریانہ کے کرنال ضلع کے گاؤں اچانا میں ایک متوسط گھرانے میں ہوئی۔ والد نواب زمیندار تھے اور والدہ مقصودی گھریلو خاتون تھیں ۔ والدین کے غیر تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود رفیق چوہان کو تعلیم سے گہری دلچسپی تھی جس نے انہیں اعلیٰ تعلیم کی طرف بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
جدوجہد بھرا تعلیمی سفر
ان کی تعلیم کا سفر آسان نہ تھا۔ وہ بتاتے ہیں کہ آٹھویں جماعت کے بعد ان کی والدہ چاہتی تھیں کہ وہ کسی کے گھر کام پر چلے جائیں، مگر تقدیر نے کچھ اور لکھا تھا۔ انہوں نے سخت محنت کے ساتھ دسویں پاس کی اور تعلیم کو جاری رکھا۔ زندگی گزارنے کے لیے انہوں نے سائیکل پر ریڑی لگائی، چائے کی دکان چلائی اور دو سال ایک ڈاکٹر کے پاس کمپاؤنڈر کا کام کیا۔ بعد میں ریڈیو اور ٹرانزسٹر کی مرمت سیکھی اور 1975 میں کرنال کے رام نگر میں ایک دکان کھولی، جسے 1995تک چلایا۔ اس دوران وہ صبح کالج جاتے اور دوپہر سے رات تک دکان میں کام کرتے رہتے۔ اسی دوران ان کی شادی بھی ہوئی۔
سال 1997 میں انہوں نے وکالت کا آغاز کیا اور آج تک مظلوم، غریب اور مجبور لوگوں کے مقدمات بے لوث ہو کر لڑ رہے ہیں۔ خاص طور پر خواتین کے ایسے کیس جنہیں شوہر یا سسرال والوں نے بےدخل کر دیا ہو۔ چوہان اُن کی قانونی مدد نہ صرف مفت کرتے ہیں بلکہ اسٹیشنری اور دیگر اخراجات بھی خود برداشت کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مظلوموں کو انصاف دلانا میرا فرض ہے۔
تعلیم کی اہمیت ہمیشہ ان کے نزدیک اولین رہی۔ انہوں نے کروکشیترا یونیورسٹی سے ہندی اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں ایم اے کیا۔ 1983 میں کرنال کے تراوڑی میں گیتا پبلک اسکول قائم کیا، مگر ابتدا میں کامیابی نہ ملی لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور 1984 میں تراوڑی اور پکھانا میں سراوتی پبلک اسکول قائم کیے، جو آج ان کے دونوں بیٹے چلا رہے ہیں۔ ان کے اسکولوں میں بچوں کو محض کتابی علم نہیں بلکہ اخلاقی تربیت، کردار سازی اور عملی زندگی کی سمجھ بھی دی جاتی ہے۔ 
چوہان کا ماننا ہے کہ تعلیم صرف نوکری کا ذریعہ نہیں، بلکہ انسان کی شخصیت کو سنوارنے کا راستہ ہے۔ ان کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو روایات اور زندگی کے اصولوں سے جوڑیں۔ وہ کہتے ہیں کہ آج کل لو میرج  ایک فیشن بنتی جا رہی ہے، جس کے سبب نوجوان والدین کی رائے نظر انداز کرکے گھر سے بھاگ جاتے ہیں، اور بعد میں مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان کے نزدیک بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ ہی انہیں صحیح سمت دے سکتا ہے۔
قانونی شعور عام کرنے کے لیے وہ متعدد واٹس ایپ گروپس چلاتے ہیں جیسے قانون سندربھ، اور ’’قانونی اپڈیٹ‘‘، جن میں نئے اور سینئر وکلا کو روزانہ معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ ’’قرآنِ پاک تعلیمات‘‘ نامی گروپ بھی انہوں نے قائم کیا، جس کے ذریعے مذہب، انسانیت اور اخلاقیات کا پیغام پھیلایا جاتا ہے۔ ان کے نزدیک ہر مذہب کا بنیادی پیغام انسانیت کو مقدم رکھنا ہے۔
سماجی شعبے میں بھی ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ وہ ’’ہریانہ مسلم خدمت سبھا‘‘ کے سربراہ ہیں، جو تعلیم، صحت، ماحولیات اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے۔ انہوں نے تراؤڑی میں قدیم مسجد کی مرمت کرائی اور امام کی تقرری کروائی۔ پنجاب کے ضلع سنگرور کے گاؤں مزارا میں مسجد کی تعمیرِ نو بھی ان کے نمایاں کارناموں میں شامل ہے۔بطور مصنف بھی وہ سرگرم رہے۔ 1986 سے 2006 تک مختلف اخبارات میں مضامین لکھتے رہے اور 2021 میں ان کی کتاب ’’فیملی لا اِن انڈیا‘‘ شائع ہوئی، جسے خوب پسند کیا گیا۔
محمد رفیق چوہان کی شخصیت نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ان کی زندگی سکھاتی ہے کہ تعلیم، اخلاق، محنت اور خدمت کے ذریعے انسان نہ صرف اپنا مستقبل بنا سکتا ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے مشعلِ راہ بن سکتا ہے۔ علامہ اقبال کا یہ شعر ان کی زندگی کا ترجمان ہے۔۔۔
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
ان کی زندگی یہ پیغام دیتی ہے کہ مضبوط ارادے، مسلسل محنت اور خدمتِ خلق کا جذبہ کسی بھی شخص کو کامیابی کے اعلیٰ مقام تک پہنچا سکتا ہے۔